مریم نواز نے حکومت کو چھوڑنے کا اشارہ دے دیا

مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نےحکومت چھوڑنے کا اشارہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ عام کیلیے مہنگائی کا طوفان لانے سے بہتر ہے کہ حکومت چھوڑ دی جائے، پاکستان کی بدقسمتی تھی کہ ایک نااہل اور نالائق کو عوام پر مسلط کردیا گیا، ازل کا جھوٹا غیر ملکی سازش اور اپنے قتل کا ڈرامہ لیکر آگیا
سرگودھا میں پارٹی کے پاور شو سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا کہ پاکستان کی بد قسمتی تھی کہ ایک نالائق، نااہل، اناڑی، کھنڈرے کو پاکستان کے 22 کروڑ عوام پر پر مسلط کیا گیا، اس نے 4 سال میں پاکستان کی معشیت تباہ کردی۔
ان کا کہنا تھا کہ ساڑھے سال میں ملک کو قرضوں کو بوجھ تلے دبانے والا، پاکستان کی معشیت کو وینٹی لیٹر پر لے جانا والا کہتا ہےکہ شہباز شریف نے 4 ہفتوں میں کیا کیا۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ شہباز شریف کی 4 ہفتوں کی حکومت میں نالائق آدمی 40 تقریریں کرچکا ہے لیکن ایک منٹ بھی اپنی حکومت کی کارکردگی اور اپنے کارنامے بتا نہیں سکتا۔ان کا کہنا تھا کہ عمراں خان ازل کا جھوٹا شخص ہے، سب سے پہلے 35 پنکچر کا جھوٹ بولا، کوئی ثبوت پیش نہیں کیا، اس کے بعد غیر ملکی سازش کا ڈرامہ کیا اس کا بھی کوئی ثبوت فراہم نہیں کرسکا، پھر آخر میں اپنے قتل کا ڈرامہ رچایا، کوئی ثبوت نہیں دے سکا، کہتا ہے کہ ثبوت الماری میں بند کرکے رکھ دیے ہیں، بچوں کے پاس بھیج دیے ہیں، اس نے جھوٹے ڈرامے کیے مگر کوئی ثبوت فراہم نہیں کیے لیکن جھوٹے خان تمہارے خلاف عوام کے پاس بڑے بڑے ثبوت ہیں۔

(ن) لیگ کی نائب صدر نے کہا ہے کہ نواز شریف کہتا ہے کہ حکومت چھوڑ دوں گا مگر عوام پر بوجھ نہیں ڈالوں گا۔مریم نواز کا جلسے کے شرکا سے سوال پوچھتے ہوئے کہنا تھا کہ حکومت میں رہنا چاہیے یا چھوڑ دینی چاہیے، ان کا کہنا تھا میرے خیال میں اس وقت ایسی حکومت کو چھوڑ دینا چاہیے، اس حکومت کو چھوڑنا بہتر ہے۔انہوں نے جلسے میں موجود لوگوں سے سوال پوچھتے ہوئے کہا کہ اگر نواز شریف اس وقت حکومت چھوڑتا ہے تو کیا آپ اس کو 2 تہائی اکثریت والی حکومت دو گے۔ان کا کہنا تھا کہ عوام کے لیے مہنگائی کا طوفان لانے سے بہتر ہے کہ حکومت کو چھوڑ دیا جائے، میں کہتی ہوں کہ حکومت کو چھوڑ دو اور میدان میں آجاؤ۔انہوں نے کہا کہ عمران خان اب تم بال نوچو، دانت پیسو، الٹے لٹک جاؤ مگر تمہارا کھیل اب ختم ہوگیا، تم کسی صورت حکومت میں واپس نہیں آسکتے۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ کہا جاتا تھا نوازشریف کی سیاست ختم ہوگئی، آج نواز شریف کو کہا جا رہا ہےکہ واپس آؤ، نواز شریف دور میں معیشت نے ترقی کی، شہباز شریف کرسی چھوڑ دے گا لیکن عوام کو مشکل میں نہیں ڈالےگا۔ان کا کہنا تھا کہ اپنی ناپاک زبان سے ریاست مدینہ کا نام لینے والے کے اپنے کتے ایک دن میں اتنا گوشت کھاتے ہیں جتنا بنی گالا کے اطراف کے لوگ مہینے میں کھاتے ہیں، کہتا ہے کہ حمزہ شہباز کی وجہ سے مرغی کا گوشت مہنگا ہے، میں کہتی ہوں کہ مرغی اس وقت مہنگی ہوئی جب بنی گالا کی چھت پر منوں زندہ مرغی جلائی جاتی تھی۔ان کا کہنا تھا کہ ملک میں شہر شہر دہشت گردی ہوتی تھی، گھںٹو، گھنٹوں لوڈشیڈنگ ہوتی تھی، نواز شریف نے ضرب عضب کیا، آپریشن رد الفساد کیا، سیکیورٹی فورسز کے ساتھ مل کر دہشت گردی کا خاتمہ کیا، پھر نواز شریف، شہباز شریف نے ملک سے اندھیروں کو مٹایا، نواز شریف ملک کی بجھتی ہوئی روشنیاں واپس لایا۔

مریم نواز نے کہا کہ اپنے دور حکومت میں پاکستان نامی گھر کو اپنے پاؤں پر کھڑا کیا، ترقی کی راہ پر گامزن کیا اور اس نالائق شخص نے ساڑھے 3 سال میں اس کو برباد کردیا تو کیا وہ برباد شدہ گھر 4 ہفتوں مین ٹھیک ہوسکتا ہے۔مریم نواز کا سابق وزیراعظم عمران خان پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہنا تھا کہ اگر آج معشیت وینٹی لیٹر پر تو اس جرم کا سب سے بڑا ثبوت عمران خان ہے، اگر آج ملک قرضوں کی دلدل میں پھنس گیا ہے تو اس جرم کا ثبوت عمران خان ہے، اگر آج ملک کے لوگ 2 وقت کی روٹی، دوائی اور بجلی سے محروم ہیں تو جرم کا ثبوت عمران خان ہے۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ گزشتہ روز عمران خان نے جلسے میں مجھے گالی دی مگر عمران خان نے مجھےنہیں پننجاب کی ہر بیٹی کو گالی دی ہے، عمران خان تم نے پاکستان کی ہر بیٹی کو گالی دی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ عمران خان ایک فتنہ ہے، جس جس نے اس کو دودھ پلایا ہے، اس نے اس کو ڈسا ہے، پاکستان کی آستین میں چھپے فتنے کا عمران خان ہے۔ان کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ نے شہباز شریف کے خلاف ازخود نوٹس لیا، میں عدلیہ کا شکریہ ادا کرتی ہوں، مگر میں اپنی معزز عدلیہ سے کہتی ہوں ایک سوموٹو ایکشن فارن فنڈنگ کیس پر بھی ہونا چاہیے، ایک سوموٹو نوٹس ایف آئی اے کے سابق سربراہ بشیر میمن کے الزامات پر بھی ہونا چاہیے۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ عمران خان ایک فتنے کا نام ہے، اس فتنے کو روکنا چاہیے، اس فتنے کو ختم کرنا چاہیے کیونکہ جب تک عمران خان جیسا فتنہ موجود ہے، پاکستان ترقی نہیں کرسکتا، اس فتنے کا دوسرا نام تباہی ہے، ہر شہری، ماں، بیٹی بزرگ، عدلیہ، افواج پاکستان اور میڈیا کا فرض ہے کہ اس فتنے کو روکے۔

Back to top button