ملتان سلطانز کا پشاور زلمی کو جیت کے لیے 194 رنز کا ہدف

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل)2021 کے چھٹے میچ میں لاہور قلندرز نے پشاور زلمی کے خلاف جیمز وینس کی دلکش اننگز سمیت دیگر بلے بازوں کی شان دار کارکر دگی کے باعث 4 وکٹوں پر رواں سیزن کا سب سے بڑا اسکور 193 رنز بنا لیا۔
نیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے میچ میں پشاور زلمی کے کپتان وہاب ریاض نے ٹاس جیت کر پہلے ملتان سلطانز کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔
ملتان سلطانز نے بیٹنگ شروع کی تو پشاور زلمی کے محمد عمران کے پہلے اوور میں 6 رنز بنائے، جس کے بعد محمد عرفان باؤلنگ کے لیے آئے اور کرس لین کو حیدر علی کے ہاتھو سلپ پر کیچ کروادیا۔محمد عرفان نے دوسرے اوور کی پہلی گیند پر کرس لین کی وکٹ حاصل کی۔
محمد رضوان اور جیمز وینس نے اسکور آگے بڑھایا اور ساتویں اوور کی تیسری گیند پر ٹیم کی نصف سنچری مکمل کی۔ملتان سلطانز کے کپتان اور جیمز وینس نے شراکت میں 56 گیندوں پر 82 رنز بنائے اور رضوان وقفے کے بعد عمران جونیئر کی پہلی گیند پر امام الحق کو کیچ دے بیٹھے۔جیمزوینس نے کپتان کے آؤٹ ہونے کے بعد صہیب مقصود کے ساتھ مل کر اننگز آگے بڑھائی اور 39 گیندوں پر نصف سنچری مکمل کی جو پی ایس ایل میں ان کی مجموعی طور پر تیسری نصف سنچری ہے.صہیب مقصود 36 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ جیمز وینس نے چوکوں اور چھکوں کی برسات جاری رکھی اور 56 گیندوں پر 84 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، جس میں 9 چوکے اور تین چھکے شامل تھے جبکہ ٹیم کا اسکور 3 وکٹوں پر 19 ویں اوور میں 186 رنز تھا۔ملتان سلطانز نے مقررہ اوورز میں 193 رنز بنائے جو پی ایس ایل کے رواں سیزن کا اب تک کا سب سے بڑا ہدف ہے۔رلی روسو 14 اور خوشدل شاہ نے 6 رنز بنائے۔
پشاور زلمی کی جانب سے ثاقب محمود نے 2 وکٹیں لیں
خیال رہے کہ دونوں ٹیموں اپنے ابتدائی میچ میں ناکامی سے دو چار ہوئی تھیں۔
دونوں ٹیموں نے اہم میچ کے لیے 2،2 تبدیلیاں کیں، زلمی نے گزشتہ میچ میں نصف سنچری بنانے والے روی بوپارہ کو بھی شامل نہیں کیا جبکہ سلطانز نے عثمان دار اور شاہنواز دھنی کو اپنی صلاحیتیں دکھانے کا موقع فراہم کیا۔
پشاور زلمی کو لاہور قلندرز نے 4 وکٹوں سے شکست دی تھی، جہاں باؤلنگ کے شعبے میں بہتر کارکردگی دکھائی گئی تھی جبکہ بیٹنگ روی بوپارا کی نصف سنچری کے باوجود بڑا مجموعی ترتیب دینے میں ناکام رہی تھی۔
دوسری جانب ملتان کی ٹیم نے کپتان محمد رضوان کی شان دار بیٹنگ کی مدد سے اسکور بورڈ پر 150 کا مجموعہ سجایا تھا لیکن اسلام آباد یونائیٹڈ نے 7 وکٹوں کے نقصان پر اس ہدف کو حاصل کیا تھا۔
میچ کے لیے دونوں ٹیمیں ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہیں:
پشاورزلمی: وہاب ریاض (کپتان)، کامران اکمل، امام الحق، حیدرعلی، شعیب ملک، ٹام کوہلرکیڈمور، شرفین روتھر فورڈ، مجیب الرحمٰن، ثاقب محمود، محمد عمران، محمد عرفان
ملتان سلطانز: محمد رضوان (کپتان)، کرس لین، جیمز وینس، صہیب مقصود، رلی روسو، خوشدل شاہ، شاہد آفریدی، کارلوس بریتھویٹ، سہیل تنویر، عثمان دار، شاہنواز دھنی
