پی ٹی آئی کو بڑا دھچکا،پرویز خٹک نے نئی سیاسی جماعت بنالی

تحریک انصاف کو خیبرپختونخواسے بڑا دھچکا،سابق وزیر دفاع پرویز خٹک نے نئی سیاسی جماعت  پی ٹی آئی پارلیمینٹرینز بنالی ۔سابق وزیراعلیٰ محمود خان بھی نئی پارٹی میں شامل ہو گئے۔ پی ٹی آئی کے 57 سابق ارکانِ اسمبلی نے پرویز خٹک کی حمایت کا اعلان کردیا۔پی ٹی آئی کے سابق صوبائی وزیراشتیاق ارمڑ اور شوکت علی نئی پارٹی کا حصہ ہیں۔ارکانِ اسمبلی نے 9 مئی کے پرتشدد واقعات کی وجہ سے پی ٹی آئی سے راہیں جدا کی۔

سابق وزیر دفاع پرویز خٹک کاکہنا ہے کہ سانحہ 9 مئی جیسے واقعات کی بھرپور مذمت کرتے ہیں، پاکستان کے وجود سے ہی ہم سب کا وجود ہے۔

واضح رہے کہ سابق وزیراعلیٰ پرویزخٹک جن کے چچا نصر اللہ خٹک بھی صوبہ کے وزیراعلیٰ رہ چکے ہیں، اپنا بیشتر وقت پیپلزپارٹی میں گزار چکے ہیں، نوشہرہ کا ضلعی ناظم رہنے کے علاوہ وہ پیپلزپارٹی شیرپاﺅ کے صوبائی صدر بھی رہ چکے ہیں جہاں سے وہ تحریک انصاف میں شامل ہوئے تھے۔

پرویز خٹک پارٹی کی صوبائی صدارت کا الیکشن سابق اسپیکر اسد قیصر سے ہارنے کے بعد وہ پارٹی کے مرکزی جنرل سیکرٹری منتخب ہوئے تھے جبکہ پارٹی سے الگ ہونے کے موقع پر وہ اس کے صوبائی صدر تھے۔ وہ 2013ء سے 2018 ءتک صوبہ کے وزیراعلیٰ جبکہ 2018ءسے 2022ءتک وفاقی وزیر داخلہ تھے۔

Back to top button