پی ٹی آئی کے پاس بلا رہے گا یا نہیں؟ سماعت کل دوبارہ ہوگی

عام انتخابات میں حصہ لینے کیلئے پاکستان تحریک انصاف کا انتخابی نشان بلا پارٹی کے پاس رہے گا یا چھین لیا جائے گا، الیکشن کمیشن کی جانب سے دائر نظر ثانی اپیل پر پشاور ہائیکورٹ نے کیس کی سماعت ملتوی کر کے سماعت کل دوبارہ کرنے کی ہدایت کردی۔
پشاور ہائیکورٹ کےجسٹس اعجاز انور اپیل کی سماعت کی۔ پشاور ہائیکورٹ میں الیکشن کمیشن کی جانب سے دلائل مکمل ہونے پر عدالت نے فیصلہ محفوظ کیا تھا۔الیکشن کمیشن کی پشاور ہائیکورٹ کے فیصلے پر نظر ثانی اور ڈویژن بینچ کیلئے درخواست کل تک ملتوی کر دی۔
عدالت نے کہا کہ دوران سماعت پی ٹی آئی کی جانب سے کوئی وکیل پیش نہیں ہوا تھا، پی ٹی آئی کے وکیل نے سماعت ملتوی کرنے کی استدعا کی ہے۔ عدالت نے پی ٹی آئی کی استدعا قبول کرتے ہوئے درخواست کی سماعت کل تک ملتوی کر دی۔دوران سماعت الیکشن کمیشن کے وکیل سکندر مہمند نے اپنے دلائل میں جسٹس کامران حیات کا فیصلہ عدالت میں پڑھ کر سنایا۔
وکیل الیکشن کمیشن کا کہنا تھا کہ چھٹیوں کے دوران اس عدالت کے جج نے فیصلہ معطل کیا، پی ٹی آئی کا موقف ہے کہ الیکشن کمیشن کے پاس انٹرا پارٹی انتخابات کالعدم قرار دینے کا اختیار نہیں، پی ٹی آئی کا انٹرم ریلیف اور حتمی استدعا ایک ہی ہے، ہائیکورٹ کا فیصلہ یکطرفہ کارروائی ہے، الیکشن کمیشن کونہیں سنا گیا۔
الیکشن کمیشن کے وکیل نے مزید کہا کہ الیکشن کمیشن کیس کا بنیادی فریق ہے، عدالت نے ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل اور ڈپٹی اٹارنی جنرل کو سنا جو صوبائی و وفاقی حکومت کے نمائندے ہیں۔
