پی ڈی ایم آج کراچی میں سیاسی قوت کا مظاہرہ کریگی

پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ آج کراچی کے باغ جناح میں سیاسی قوت کا مظاہرہ کرے گی ، ترجمان جے یوآئی اسلم غوری کے مطابق کراچی کے باغ جناح میں جلسے سے پی ڈی ایم کی مرکزی قیادت خطاب کرے گی جس میں مولانا فضل الرحمن، میاں شہبازشریف، علامہ شاہ اویس نورانی، علامہ ساجد میر، ڈاکٹر عبدالمالک، ڈاکٹر جہانزیب جمالدینی و دیگر رہنما شامل ہیں۔
جے یو آئی ترجمان کے مطابق جلسہ گاہ میں بڑا اسٹیج تیارکیا گیا ہے جس پر 500 افراد بیٹھ سکیں گے جبکہ پنڈال میں ایک لاکھ کرسیاں لگائی گئی ہیں، جلسہ میں جے یوآئی کے 10 ہزار رضا کار سیکیورٹی پر مامور ہوں گے،پارٹی قیادت کیلیے اسٹیج کے عقب میں وی وی آئی پی راستہ تیار کیا گیا ہے۔کارکنان نمائش چورنگی کی جانب سے پنڈال میں داخل ہوں گے،جلسہ گاہ میں وضو خانے اور عارضی واش روم بھی بنائے گئے ہیں اورجلسہ گاہ میں کھانے پینے کیلیے عارضی کنٹین قائم کی گئی ہے۔
جلسہ گاہ میں تمام جماعتوں کے پرچم اور خیر مقدمی بینر آویزاں کیے گئے ہیں، جلسہ گاہ میں ساؤنڈ اور لائٹنگ کے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں، جلسے کا اسٹیج کنٹینر سے بنایا گیا ہے جو 20 فٹ اونچا، 160 فٹ چوڑا اور 160 فٹ لمبا ہے۔
جلسے کے حوالے سے مختلف کمیٹیاں تشکیل دی گئی ہیں جس میں اندرونی سیکیورٹی کے علاوہ ٹریفک کنٹرول، پانی پلانے، کورونا ایس او پیز پر عمل درآمد کرانے اور دیگر امورکی انجام دہی شامل ہے۔ جلسہ گاہ کے اطراف میں انتظامیہ کے ساتھ مل کر پارکنگ اور سیکیورٹی کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں اور مختلف قافلوں کی آمد کے لیے مختلف روٹ کا تعین کیا گیا ہے۔
جلسہ گاہ میں داخلے سے پہلے تمام داخلی گیٹ پر واک تھرو گیٹ رکھے گئے ہیں۔ جلسہ گاہ کے اطراف سڑکوں پر بھی ساؤنڈ سسٹم نصب کیا گیا ہے۔ جلسہ گاہ میں پانی اور دیگر بنیادی ضروریات کی فراہمی کے بھی انتظامات کیے گئے ہیں۔
