عدلیہ ثاقب نثار کی آڈیو کا جائزہ لے اور اپنی ساکھ بحال کرے

حکومت مخالف اتحاد پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) نے مطالبہ کیا ہے کہ آئندہ سال عام انتخابات کروائے جائیں جبکہ اجلاس کے دوران فیصلہ کیا گیا کہ سابق چیف جسٹس ثاقب نثار سے متعلق آڈیو لیک پر سخت موقف اپنایا جائے گا۔ اجلاس کے بعد گفتگو کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمن کا کہنا تھا کہ عدلیہ ثاقب نثار کی آڈیو کا جائزہ لے اور اپنی ساکھ بحال کرے
مولانا فضل الرحمان کی صدارت میں پی ڈی ایم کے سربراہی اجلاس کے دوران سٹیئرنگ کمیٹی کی تجاویز و سفارشات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا ، پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ نے مشترکہ اجلاس میں غیر حاضر ممبران کو شوکاز نوٹس دینے کا فیصلہ کیا ہے۔لانگ مارچ کے ساتھ استعفوں کی تجویز کی بھی مولانا فضل الرحمان نے حمایت کر دی ہے ،پی ڈی ایم نے اجلاس کے دوران 2022 میں عام انتخابات کا بھی مطالبہ کر دیا۔
اجلاس کے بعد پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے دیگر جماعتوں کے قائدین کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پی ڈی ایم سربراہی اجلاس 6 دسمبرکواسلام آباد میں ہوگا،6 دسمبر کو اہم اعلانات کیے جائیں گے، تجاویز 6 دسمبر کو سربراہی اجلاس میں پیش کی جائیں گی، مشاورت سے کچھ تجاویزمرتب کریں گے، پاکستان کے عوام کوجبرسے نجات دلانے کے لیے حتمی اورآخری فیصلے کی طرف بڑھیں گے۔امیر جمعیت علمائے اسلام (ف) کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم سربراہی اجلاس میں تمام جماعتوں کے سربراہان، نمائندگان نے شرکت کی۔ 17 نومبر کو پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں قانون سازی کے پورے عمل کو مسترد کر دیا ہے، چند گھنٹوں میں 33 قوانین پاس کرنا پارلیمنٹ کے ساتھ ایک بڑا مذاق ہے، مشترکہ اجلاس میں ایسے قوانین پاس کیے گئے جوکسی ایک ایوان میں پیش نہیں کیے گئے۔ سٹیٹ بینک کے اختیارات سلب کردیئے جائیں گے، سٹیٹ بینک کے اختیارات عالمی ادارے کے پاس گروی رکھ دیئے جائیں گے۔
اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ یہ جعلی قسم کی قانون سازی ہے، اس قانون سازی کی کوئی حیثیت نہیں ہے، پارلیمان کی تاریخ میں ایسا مذاق پہلے نہیں ہوا، الیکشن کمیشن کے اختیارپروارکیا گیا ہے، الیکشن کمیشن کے اختیارپرقدغن لگائی گئیں، اس حوالے سے الیکشن کمیشن بھی اپنا ردعمل دے چکا ہے۔انہوں نے کہا کہ اوورسیز پاکستانی حکومت کے دھوکے میں نہ آئیں۔ اوورسیز کی پارلیمنٹ میں نمائندگی کیلئے طریقہ کار متعین کریں گے۔ حکومت کا طریقہ کاردھاندلی کی راہ ہموارکرے گا، ہم اوورسیزپاکستانیوں کو پاکستان کا اثاثہ سمجھتے ہیں۔ پوری دنیا ای وی ایم کو مسترد اور ہم اس کے استعمال کی بات کر رہے ہیں۔
پی ڈی ایم سربراہ نے مزید کہا کہ جعلی حکومت نے نوجوانوں سے ایک کروڑنوکریوں کا وعدہ کرکے تاریخ کا سب سے بڑا فراڈ کیا، پچاس لاکھ نوجوانوں کوبے روزگارکردیا گیا، پچاس لاکھ گھردینے کے بجائے گرادیئے گئے۔فضل الرحمان نے کہا کہ منتخب وزیراعظم کے خلاف نہیں جمہوری نظام کے خلاف سازش ہوئی، ماضی میں قائد مسلم لیگ سمیت دیگرلوگوں کے خلاف سازشیں ہوئیں، سابق وزیراعظم کو عدالتی فیصلے سے نااہل قرار دیا گیا، رانا شمیم بیان حلفی، ثاقب نثار آڈیوکلپ، آپ بتائیں ہم عدالت کا احترام بھی کریں اور اپنے گھر کی گواہیوں سے عدالت پر سوالات اٹھے ہیں، عدلیہ کو دوبارہ اعتماد بحال کرنا ہو گا۔ عدالت نے ثاقب نثارکی آڈیو کا جائزہ لینا ہے۔بلدیاتی انتخابات کے معاملے پر انہوں نے کہا کہ ابھی کیس عدالت میں چل رہا ہے، اس حکومت کا خاتمہ کرنا ہو گا، اس حوالے سے ہم ایک حکمت عملی کی طرف آگے بڑھ رہے ہیں۔
یاد رہے کہ پی ڈی ایم کی سٹیئرنگ کمیٹی کا اجلاس سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی صدارت میں ہوا تھا جس میں تمام جماعتوں کے سینئر رہنماؤں نے شرکت کی تھی ۔سٹیئرنگ کمیٹی نے لانگ مارچ، حکومت کیخلاف تحریک اور مشترکہ اجلاس میں کی گئی قانون سازی کو عدالت میں چیلنج کرنے کیلیے سفارشات تیار کیں۔
