چلی:جنگلات میں آگ لگنے سے23 ہلاک،900 سے زائد زخمی

چلی کے جنگلات میں لگنے والی آگ نے کھیتوں کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا جس میں 23 افراد ہلاک اور 900 سے زائد زخمی ہوگئے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطاق چلی کے اروکنیا کے علاقے پیورین کے جنگلات میں لگنے والی خوفناک آگ دیکھتے ہی دیکھتے آس پاس کے کھیتوں اور رہائشی علاقے میں پھیل گئی،آگ کی اطلاع ملنے سے قبل ہی آتشزدگی میں جنگل کا 5 ہیکٹر کا علاقہ مکمل طور پر جل چکا تھا جب کہ آگ مسلسل آگے بڑھ رہی ہے اور اب تک 40 ہزار ہیکٹر پر محیط علاقے کو لپیٹ میں لے لیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق جنگل کے 281 مقامات پر آگ لگی ہوئی ہے جس میں سے 80 مقامات پر آگ پر قابو پالیا گیا ہے۔ آگ ہفتے کے روز جنگل میں درجہ حرارت 104 ڈگری فارن ہائیٹ سے تجاوز کرنے پر لگی،آگ اتنی تیزی سے پھیلی کہ رہائشیوں کو متاثرہ علاقے سے نکلنے کا موقع نہیں ملا۔ فائر فائٹرز آگ پر قابو پانے کی سر توڑ کوششیں کر رہے ہیں تاہم اب تک انھیں کامیابی حاصل نہیں ہوسکی ہے۔
رپورٹس کے مطابق ریسکیو ٹیم کے رضاکاروں نے ایک ہزار سے زائد افراد کو پناہ گاہوں میں منتقل کیا ہے جہاں پینے کے صاف پینے، خوراک اور دواؤں کی کمی کا سامنا ہے۔
