چمن: فلسطین کے ساتھ اظہار یکجہتی کی ریلی میں میں دھماکا، 3 افراد جاں بحق

بلوچستان کے ضلع چمن میں پرانی عید گاہ کے قریب ہونے والے دھماکے میں 3 افراد جاں بحق اور 7 زخمی ہوگئے۔
پولیس حکام کے مطابق جمعیت علمائے اسلام نظریاتی کی جانب سے یومِ یکجہتی فلسطین کے سلسلے میں ریلی نکالی جارہی تھی جسے شرپسندوں نے نشانہ بنایا۔حملے میں جے یو آئی (نظریاتی) بلوچستان کے نائب امیر قادر لونی بھی زخمی ہوئے۔دھماکے کے فوری بعد قانون نافذ کرنے والے اور امدادی اداروں کے کارکنان جائے وقوعہ پر پہنچ گئے اور زخمیوں اور لاشوں کو چمن سول اسپتال منتقل کیا۔پولیس حکام کے مطابق دھماکے کی نوعیت کا اندازہ لگایا جارہا ہے تاہم عینی شاہدین کے مطابق دھمکا نصب ڈیوائس کا معلوم ہوتا ہے۔ دوسری جانب ترجمان بلوچستان حکومت لیاقت شاہوانی نے ایک ٹوئٹر پیغام میں تصدیق کی کہ چمن میں ہوم یکجہتی فلسطین کی ریلی کےقریب بم دھماکے میں 3 افراد شہید و متعدد زخمی ہوگئےہیں۔ انہوں نے بتایا کہ جمیعت علمائے اسلام نظریاتی کے زیراہتمام ریلی نکالی گئی تھی جس کے قریب دھماکا ہوا، زخمیوں کی نگہداشت کے لیے ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔ وزیراعلی بلوچستان جام کمال خان نے چمن میں ہونے والے بم دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے دھماکے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا۔ ایک بیان میں ان کا کہنا تھا کہ دہشت گرد عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں ہیں، دہشت گردوں کو ان کے مذموم مقاصد میں کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔ وزیراعلیٰ بلوچستان کا کہنا تھا کہ کسی کو بھی صوبے کا امن و امان خراب کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی، ایسی تخریب کار کارروائیوں سے ہمارے حوصلے پست نہیں ہوں گے۔ جام کمال خان نے زخمیوں کو علاج معالجے کی بہترین طبی سہولیات کی فراہمی کی ہدایت کی اور شہدا کے لواحقین کے ساتھ اظہار ہمدردی اور اظہار تعزیت کیا۔

Back to top button