چمپیئنز ٹرافی 2025 پاکستان میں ہوگی

آئی سی سی نے 2024 سے 2031 تک بڑے ایونٹس کے میزبان ممالک کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ پاکستان میں چمپیئنز ٹرافی فروری 2025 میں ہوگی، یہ ٹورنامنٹ پاکستان میں 1996 کے بعد آئی سی سی کا بڑا ایونٹ ہوگا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین رمیز راجا نے ٹوئٹر پر کہا کہ یہ فخر اور خوشی کی بات ہے کہ پاکستان آئی سی سی چمپیئنز ٹرافی 2025 کی میزبانی کرے گا ۔ یہ خبر لاکھوں پاکستانی شائقین، بیرون ملک اور دنیا بھر میں موجود شائقین کے لیے خوشی کا باعث ہوگی۔
آئی سی سی نے بتایا کہ جون 2024 میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی میزبانی ویسٹ انڈیز کے ساتھ امریکا کو دی گئی ہے جہاں 2010 میں بھی ٹورنامنٹ کھیلا گیا تھا۔
ورلڈ کپ 2027 اکتوبر اور نومبر میں کھیلا جائے گا ، نمیبیا پہلی مرتبہ کرکٹ ورلڈ کپ کی میزبانی کرے گا تاہم ان کے ساتھ زمبابوے اور جنوبی افریقہ بھی مشترکہ میزبان ہوں گے ، قبل ازیں جنوبی افریقہ اور زمبابوے میں 2003 میں ورلڈ کپ ہوا تھا۔
