اتحادی جماعتوں کی گردن پر بوٹ رکھنے والے باز آ جائیں

جے یو آئی (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن نے کہا ہے کہ حکومت کی چھوٹی اتحادی جماعتوں کی گردن پر بوٹ رکھ کر انہیں مشترکہ اجلاس میں شرکت کیلئے مجبور کیا جارہا ہے ، 20 نومبر کو پشاور میں ایک عوامی مظاہر ہو گا۔
کوئٹہ میں ہونے والی پریس کانفرنس کے دوران مولانا فضل الرحمٰن کا کہنا تھا کہ ہم قوم کو بتانا چاہتے ہیں کہ ناجائز اور دھاندلی کی پیداوار حکومت آئندہ الیکشن کے لیے ابھی سے جعلی پارلیمنٹ کو تیار کر رہی ہے۔
جے یو آئی (ف) کے سربراہ نے کہا کہ اپوزیشن حکومتی ہتھکنڈوں کا ڈٹ کر مقابلہ کررہی ہے ، اسمبلی کے اندر اپوزیشن شکست بھی دے چکی جبکہ مشترکہ اجلاس بھی ملتوی کردیا۔
جے یو آئی (ف) کے سربراہ نے کہا کہ حقیقت کے قریب تر باتیں ہیں کہ چھوٹی اتحادی جماعتوں کی گردن پر بوٹ رکھ کر ان کو اجلاس میں شرکت کے لیے مجبور کیا جا رہا ہے ، ہم اداروں کا احترام کرتے ہیں اور جب ادارے کہتے ہیں کہ ہم غیر جانبدار ہیں تو ہم ان پر اعتماد کرتے ہیں۔کن کن لوگوں کو سیو ہاؤس لے جایا گیا اور کن کو ٹیلی فون کالز کی گئیں، ساری تفصیلات موجود ہیں۔
اپوزیشن اراکین کو کہا گیا کہ آپ کو مشترکہ اجلاس میں شریک نہیں ہونا۔ یہ سب کچھ 19 نومبر سے پہلے پہلے کرنا ہے، یہ سارے معاملے کو مشکوک بناتا ہے۔
