قومی ٹیم کی کپتانی کرنامیرے لیے اعزاز کی بات ہے،بابراعظم

قومی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم کاکہناہے کہ پاکستان کی کپتانی کرنا ہمیشہ میرے لیے اعزاز کی بات ہے، ماضی کے تجربات سے بہت کچھ سیکھا ہے، اس بار بہتر پلاننگ اور مثبت سوچ کے ساتھ لیڈ کروں گا۔
بابراعظم نے کہا ہےکہ بیٹنگ کے دوران ان کی سوچ ہمیشہ ٹیم کی ضرورت کے مطابق ہوتی ہے اور اگر ٹیم کو تیز کھیلنے کی ضرورت ہو تو تیز کھیلتا ہوں۔ْ
قومی کرکٹر نے کہا کہ وقت کے ساتھ کپتانی میں پختگی اور کلیئرٹی آتی ہے، بطور کپتان اپنے فیصلوں کا جائزہ لیا اور ان سے سیکھنے کی کوشش کی، میری کوشش ہے کہ نوجوان کھلاڑیوں کو مشکل وقت میں سپورٹ کروں، انٹرنیشنل کرکٹ دباؤ کا کھیل ہے۔
بابراعظم کا کہنا تھا کہ نوجوانوں سے بات کرکے ان پر دباؤ کم کرنے کی کوشش کرتا ہوں، میری توجہ ڈسپلن، فٹنس اور پرفارمنس پر ہے، ان پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا، این سی اے ریڈ بال کیمپ ٹیم کے لیے بہت اہم رہا۔
انہوں نے مزید کہا کہ مشکل کنڈیشنز میں ٹریننگ سے کھلاڑی مضبوط ہوتے ہیں،کیمپ میں میچ کے دباؤ اور مختلف صورتحال سے نمٹنے پر کام کیا گیا، ویسٹ انڈیز کا دورہ چیلنجنگ ہوگا لیکن ہم نے اس کی تیاری کی ہے، کئی کھلاڑیوں کو کاؤنٹی کرکٹ کا تجربہ ہے، انگلینڈ میں یہ مددگار ہوگا۔
