چوتھا ٹی 20: پاکستان نے انگلینڈ کو شکست دیکر سیریز 2-2 سے برابر کردی

چوتھے ٹی 20 میچ میں پاکستان نے انگلینڈ کو 3 رنز سےمات دیکر سیریز 2-2 سے برابر کر دی۔
کراچی کے انٹر نیشنل سٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں قومی ٹیم کے 167 رنز کے ہدف کے تعاقب میں انگلینڈ کی پوری ٹیم 19.2 اوور میں 163 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔ حارث رؤف اور محمد نواز نے تین تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
انگلش ٹیم کے تین کھلاڑی 14 رنز پر پویلین لوٹ گئے تھے جس کے بعد چوتھی وکٹ کی شراکت میں 43 اور پانچویں وکٹ کی شراکت میں 49 رنز بنے جبکہ آٹھویں وکٹ کی شراکت میں 32 رنز بنائے گئے لیکن انگلش ٹیم میچ جیتنے میں ناکام رہی۔
مہمان ٹیم کے کھلاڑی لیام ڈاؤسن 17 گیندوں پر 34 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ پاکستان کی جانب سے محمد حسنین نے اپنی آخری اوور میں 24 رنز دیے۔
دریں اثنا پاکستانی اوپنرز کی جانب سے پہلی وکٹ کی شراکت میں 97 رنز بنائے گئے، یہاں کپتان بابراعظم 36 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔ اسکے بعد دوسری وکٹ کی شراکت میں 52 رنز بنے لیکن شان مسعود کے 21 رنز پر آؤٹ ہونے پر شراکت داری ٹوٹ گئی۔ خوشدل شاہ دو رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔
قومی ٹیم نے آخری پانچ اوورز میں 46 رنز بنائے جبکہ اس کی تین کھلاڑی آؤٹ ہوئے۔
انگلش ٹیم نے ٹاس جیت کر پاکستان کو بیٹنگ کی دعوت دی تھی۔سات میچز پر مشتمل سیریز میں انگلینڈ کو پاکستان پر 2-1 کی برتری حاصل تھی۔
حیدر علی اور شاہ نواز دھانی کی جگہ آصف علی اور محمد وسیم جونئیر کو ٹیم میں شامل کیا۔ انگلینڈ کی ٹیم میں الیکس ہیلز اور ڈیوڈ ولی کی واپسی ہوئی جبکہ اولی سٹون نے ٹی ٹوئنٹی میں ڈیبیو کیا ۔
پاکستانی سکواڈ میں کپتان بابراعظم، محمد رضوان، حیدر علی، شان مسعود، افتخار احمد، خوشدل شاہ، محمد نواز، عثمان قادر، حارث رؤف، شاہنواز دھانی، محمد حسنین شامل ہیں۔
انگلش ٹیم میں وِل جیکس، وکٹ کیپر فل سالٹ، ڈیوڈ ملان، بین ڈکٹ، ہیری بروک، کپتان معین علی، سیم کرن، ریسی ٹوپلے، عادل رشید، مارک ووڈ، لیام ڈاوسن شامل ہیں۔
ٹی ٹوئنٹی سیریز کے بقیہ تین میچز اب لاہور میں کھیلے جائیں گے اور پانچواں میچ بدھ 28 ستمبر کو قذافی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔
