’چڑیلز‘ کا دوسرا سیزن بنانے کی تیاریاں شروع ہو گئیں


نیٹ فلکس پر شائقین کی جانب سے مقبولیت کے نئے ریکارڈ بنانے والی سال 2020 کی مقبول عام اور بولڈ ترین ویب سیریز ’چڑیلز‘ کا دوسرا سیزن بنانے کا فیصلہ ہوگیا اور تیاریاں شروع کر دی گئی ہیں۔

یاد رہے کہ ’چڑیلز‘ کے پہلے سیزن کو 11 اگست 2020 کو ’زی فائیو‘ پر ریلیز کیا گیا تھا جسے لوگوں نے بہت ذیادہ پسند کیا تھا، اسے پاکستان کی پہلی بولڈ ویب سیریز بھی قرار دیا گیا تھا۔ خیال رہے کہ ’چڑیلز‘ کی کہانی اپنے شوہروں کی بے وفائی کے بعد جاسوس بن جانے والی چار خواتین کے گرد گھومتی ہے جو سیریز میں اپنی جیسی دوسری خواتین کی زندگی بچانے کے لیے اپنی زندگیاں خطرے میں ڈال دیتی ہیں۔

اس ویب سیریز میں چاروں خواتین کو گھریلو زندگی چھوڑ کر خود کو دھوکا دینے والے شوہروں کو بے نقاب کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے، چڑیلز کی ہدایات عاصم عباسی نے دی تھیں۔ اس ویب سیریز میں ثروت گیلانی نے سارہ، یاسرہ رضوی نے جگنو، نمرہ بُچہ نے بتول اور مہربانو نے زبیدہ کا کردار ادا کیا ہے اور ان چار مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی خواتین کو ایک گینگ کے طور پر کام کرتے اور اپنے شوہروں کو نشان عبرت بناتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔ چڑیلز کے پہلے سیزن میں مرکزی کردار ادا کرنے والی اداکار ثروت گیلانی نے انسٹاگرام پر مداحوں کے سوالوں کے جوابات دیتے ہوئے تصدیق کی کہ اس سیریز کا دوسرا سیزن بھی بنایا جائے گا۔ مداح نے ان سے سوال کیا کہ کیا چڑیلز کا دوسرا سیزن بنایا جائے گا؟ جس پر انہوں نے اثبات میں جواب دیا۔ انہوں نے مزید کوئی وضاحت نہیں کی کہ ویب سیریز کا دوسرا سیزن کب بنایا جائے گا اور نئے سیزن میں کون سے اداکار شامل ہوں گے؟ تاہم خیال کیا جا رہا ہے کہ جلد ہی اس حوالے سے مزید معلومات سامنے آئے گی۔
یہ بھی پڑھیں: 133 NA: وائرل ویڈیو، ووٹ خریداروں کی گرفتاری کا حکم

اسکے علاوہ ثروت گیلانی نے مداحوں کے سوالوں کا جواب دیتے ہوئے بتایا کہ انہوں نے انڈس ویلی یونیورسٹی سے کمیونی کیشن ڈیزائن کی تعلیم حاصل کر رکھی ہے جبکہ ان کا چہرہ اس لیے خوبصورت، نرم و ملائم لگتا ہے کیوں کہ وہ اس کا بہت ذیادہ خیال کرتی ہیں۔ ایک مداح کے سوال پر انہوں نے بتایا کہ وہ کسی سے نہیں ڈرتیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ کبھی منفی اور نامناسب تبصروں پر توجہ نہیں دیتیں اور انہیں نظر انداز کر دیتی ہیں۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ جلد ہی ان کی مزید دو فلمیں ریلیز ہوں گی، جن میں سے ایک کی شوٹنگ مکمل ہو چکی ہے جبکہ دوسری کی شوٹنگ جلد شروع کی جائے گی۔

Back to top button