چین نے خلائی اسٹیشن پر آکسیجن کی 100 فیصد ضروری مقدار بنانے کا دعویٰ کردیا

چینی سائنسدانوں نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے اپنے ہی خلائی اسٹیشن پر عملے کے لیے ضروری آکسیجن کی 100 فیصد مقدار بنانے میں اہم کامیابی حاصل کرلی ہے۔ اس طرح زمین سے ہر سال 6 ٹن کے برابر آکسیجن منگوانے کی ضرورت ختم ہوچکی ہے۔
فی الحال اس اسٹیشن پر شینزو 15 کا عملہ موجود ہے اور اپنی ضرورت کی تمام تر آکسیجن خود ہی بنارہا ہے۔
ہاربن شہر میں چینی خلائی تنظیم کے ترجمان نے ایک کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ خلائی جہاز کے چھ اہم یونٹ اپنی ضرورت کی 100 فیصد آکسیجن تیار کررہے ہیں۔ اس کے علاوہ پانی کی 95 فیصد ضروریات بھی ری سائیکل کی جارہی ہیں۔
چین نے اعلان کیا ہے کہ وہ بہت جلد اپنے ٹیان گونگ خلائی اسٹیشن پر نئے مداروی ماڈیول روانہ کرے گا۔
