ڈالرانٹر بینک میں222،اوپن مارکیٹ میں227 کا ہو گیا

امریکی ڈالر کی پرواز جاری ہے اور انٹر بینک میں روپے کے مقابلے میں اس کی قیمت 222 اور اوپن مارکیٹ میں 227 روپے ہوگئی۔

جمعہ کو ا نٹربینک مارکیٹ میں کاروباری دورانیے کے دوران ڈالر کی قدر ایک موقع پر 222.61 روپے کی سطح تک پہنچ گئی تھی تاہم اختتامی لمحات میں ڈیمانڈ قدرے گھٹنے سے ڈالر کے انٹربینک ریٹ 98 پیسے کے اضافے سے 222.47 روپے کی سطح پر بند ہوئے۔ اسی طرح اوپن کرنسی مارکیٹ میں بھی ڈالر کی قدر 2.10 روپے کے اضافے سے 227.50 روپے کی سطح پر بند ہوئی۔

ماہرین کے مطابق پاکستان کے عالمی مارکیٹوں میں یورو بانڈز اور سکوک کی ایلڈ بڑھنے، ترسیلات زر کی آمد گھٹنے اور ملکی ضروریات کے مطابق زرمبادلہ کا بندوبست نہ ہونے سے زرمبادلہ کی دونوں مارکیٹوں میں ڈالر کی سپلائی متاثر ہے جبکہ سیاسی افق پر کشیدہ صورت حال اور اس ضمن میں پھیلنے والی منفی افواہوں سے درآمد و برآمدی شعبوں میں اضطراب بڑھنے سے ڈالر کی مانگ بڑھ گئی ہے جو روپیہ کو مسلسل کمزور کررہی ہے۔

سیکریٹری جنرل ایکس چینج کمپنیز ایسوسی ایشن آف پاکستان ظفر پراچہ نے بتایا کہ غیریقینی سیاسی ومعاشی حالات کی وجہ سے انٹربینک کے ساتھ اوپن مارکیٹ میں بھی ڈالر کی سپلائی بری طرح متاثر ہے، جن لوگوں کے پاس ڈالر موجود ہیں وہ فروخت کرنے سے گریز کررہے ہیں جبکہ غیر یقینی معاشی مستقبل کے باعث مختلف شعبوں کے درآمد کنندگان اپنی کاروباری ضروریات اور خام مال کی درآمدات کے لیے ڈالر کی خریداری کو ترجیح دے رہے ہی۔

Back to top button