ڈینگی سے ایک اورشخص لقمہ اجل بن گیا

وفاقی دارالحکومت میں ڈینگی سے ایک اورشخص زندگی کی بازی ہار گیا ،جس کے بعد رواں سیزن میں جاں بحق افراد کی تعداد 8 ہوگئی۔
ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر نے بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں ڈینگی سے مزید 103 افراد متاثر ہوئے، متاثرہ مریضوں کی مجموعی تعداد 3ہزار 724 تک پہنچ گئی۔ دیہی علاقوں میں 60 جبکہ شہری علاقوں سے 43 مریض سامنے آئے، ڈینگی سے اب تک دیہی علاقوں میں 6 جبکہ شہری علاقوں سے 2 افراد کی موت واقع ہوئی۔
راولپنڈی میں 24 گھنٹوں کے دوران 100فراد ڈینگی کا نشانہ بنے، اب تک ڈینگی سے زندگی کی بازی ہارنے والوں کی تعداد 4 ہوگئی جبکہ ڈینگی کا نشانہ بننے والوں کی ابتک تعداد 3708ہوچکی ہے،شہر کے تین اسپتالوں میں زیر علاج مریضوں کی تعداد 221ہوگئی جبکہ اسلام آباد کے علاقوں سے ڈینگی کے 44مریض راولپنڈی کے اسپتالوں میں زیر علاج ہیں۔
شہر کےتین اسپتالوں کے 404بیڈز پر221مریض زیرعلاج ہیں۔ بے نظیر بھٹو جنرل اسپتال میں 74مریض داخل ہیں، ہولی فیملی میں 88 اور ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال میں 59مریض زیر علاج ہیں، اسپتالوں میں ڈینگی کے پازٹیو مریض 130ہوگئے،شہروکینٹ میں انسداد ڈینگی مہم میں تیزی لائی گئی ہے، کیس رسپانس کے تحت مریضوں کےعلاقوں میں فوگنگ سپرے کیا جا رہا ہے۔
