عیدالاضحیٰ اطاعت، ایثار، صبر کا عظیم درس دیتی ہے، صدر مملکت

عیدالاضحیٰ کے موقع پر صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے قوم اور امتِ مسلمہ کو مبارک باد دیتےہوئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔
صدر مملکت آصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں کہاکہ عیدالاضحیٰ اطاعت، ایثار، صبر اور اخلاص کا عظیم درس دیتی ہے،انسان کی اصل کامیابی مال و دولت، طاقت یا ظاہری شان میں نہیں۔
صدر آصف علی زرداری نے کہاکہ اللہ کے نزدیک محبوب ترین انسان وہ ہے جو لوگوں کو فائدہ پہنچائے،عید کی خوشیاں مستحق، یتیم اور محروم افراد کو شامل کیے بغیر ادھوری ہیں،خاموشی سے مشکلات جھیلنے والے سفید پوش افراد کا خصوصی خیال رکھا جائے۔
صدر مملکت نے مزید کہاکہ وہ شخص کامل مومن نہیں جو خود پیٹ بھر کر کھائے اور پڑوسی بھوکا ہو، قومی ترقی کیلئے قربانی، برداشت اور دیانت داری ناگزیر ہیں، ہمیں عہد کرنا ہے کہ اختلافات کے باوجود قومی وحدت کو مقدم رکھیں گے۔
انہوں نے کہا کہ نفرت کے بجائے محبت، برداشت اور مکالمے کو فروغ دینے کی ضرورت ہے، کمزور طبقات کےلیے آسانیاں پیدا کرنا قومی ذمہ داری ہے، قانون کا احترام اور ماحول کی صفائی مہذب معاشرے کی علامت ہے، ہر فرد ملک کی امید،مثبت عمل معاشرے میں بڑی تبدیلی لاسکتا ہے۔مایوسی کے اندھیروں کو علم،خدمت اور اتحاد سے شکست دی جاسکتی ہے، آئیں! قربانی کو ایک دن کی عبادت نہیں بلکہ پورے سال کے طرزعمل میں بدلیں، اللہ تعالیٰ پاکستان کو امن،استحکام، ترقی اور خوشحالی عطا فرمائے۔
