کالعدم ٹی ٹی پی کا کوئٹہ حملے کی ذمہ داری قبول کرنا خطرناک ہے

وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنااللہ نے گزشتہ روز کوئٹہ میں ہونے والے خود کش حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ٹی ٹی پی کی جانب سے ملک میں حملوں کی ذمے داری قبول کرنا خطرناک ہے۔
وفاقی دارالحکومت میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انکا کہناتھا وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت ملک کی سیکیورٹی کی صورتحال سے متعلق اجلاس منعقد کیا گیا، اجلاس میں وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا نے شرکت نہیں کی، انہیں ملک کی امن و امان کی صورتحال سے متعلق ہونے والے اجلاس میں آنا چاہیے تھا، ٹی ٹی پی کی جانب سے ملک میں حملے کی ذمے داری قبول کرنا افسوسناک تشویشناک اور خطرناک ہے، پاکستان کی جانب سے افغانستان کو ہر طرح کی سہولیات ہیں، ان کی سرزمین کا ہمارے خلاف استعمال ہونا طالبان حکومت کے لیے بھی باعث تشویشناک ہونا چاہیے، انہوں نے کہا کہ یہ صورتحال خطے کے امن کے لیے انتہائی خطرناک چیز ہے۔
انہوں نے کہا کہ عسکری قیادت نے 2 مرتبہ پارلیمنٹ کو ٹی ٹی پی کے حوالے سے بریفنگ دی تھی، پارلیمنٹ نے عسکری قیادت کو اختیار دیا تھا کہ ٹی ٹی پی کے جو لوگ آئین کے تابع آکر پر امن طور پر معاشرے کا حصہ بننا چاہیں تو آپ ان کے ساتھ بات کرسکتے ہیں اور کچھ حد تک یہ بات ہوئی بھی ہے لیکن معاملہ یہ ہے کہ ٹی ٹی پی کسی ایک دھڑے کا نام نہیں ہے، ہر علاقے میں دو، دو چار، چار دھڑے ہیں، ایک دھڑے سے بات چیت کرتے ہیں، مذاکرات کرتے ہیں، وہ پر امن طور پر واپس آنا چاہتا ہے، صلح کرنا چاہتا ہے تو دوسرا دھڑا کارروائیوں میں لگ جاتا ہے، کچھ لوگ مذاکرات میں دلچسپی رکھتے ہیں اور کچھ نہیں سبوثاز میں دلچسپی رکھتے ہیں اور یہ دونوں چیزوں ایک ساتھ چلتی رہتی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ صورتحال برقرار رہے گی، جو لوگ امن چاہتے ہیں، ان کو امن کا راستہ دیا جانا چاہیے، عسکری قیادت کی جانب سے پارلیمنٹ کو دی گئی بریفنگ کا بھی یہ ہی فیصلہ تھا، اس پر ہی عمل ہو رہا ہے، باقی روزانہ موثر آپریشن بھی ہو رہے ہیں، ٹی ٹی پی سے کوئی باضابطہ مذاکرات نہیں ہوئے، یہ وہ مذاکرات ہیں جو حالت جنگ میں بھی ہوتے ہیں جس میں کچھ چیزیں وقتی طور پر طے ہوجاتی ہیں، افغانستان میں موجود مسلح افراد کی تعداد 5 سے 7 ہزار بتائی جاتی ہے اور ان کے بارے میں وہ ہی مؤقف ہے کہ آئین اور قانون کے تابع مسلح افراد کو بھی ملک میں واپس آنے کی اجازت ہونی چاہیے۔
وزیر داخلہ نے اس سوال پر کہ ٹی ٹی پی کو افغانستان میں سہولت میسر ہے جب کہ طالبان نے دعدہ کیا تھا کہ ان کی سرزمین کسی ملک کے خلاف استعمال نہیں ہوگی جب کہ اب ان کا ملک پاکستان کے خلاف دہشت گردی کے لیے استعمال ہو رہا ہے کہا کہ افغان حکومت کا اپنی سرزمین دہشت گردی کے خلاف استعمال نہ ہونے دینے کا وعدہ صرف پاکستان کے ساتھ نہیں بلکہ پوری دنیا کے ساتھ ہے۔ طالبان نے پوری دنیا کے ساتھ یہ وعدہ کیا تھا کہ افغانستان کی سرزمین کسی دہشت گردی کے لیے استعمال نہیں ہوگی، اگر طالبان اس وعدے پر عمل کرتے ہیں تو یہ ان کے اپنے فائدے میں بھی ہوگا، اگر انہوں نے آخر دنیا کے ساتھ چلنا ہے تو انہیں دنیا کے ساتھ کیے ہوئے اپنے وعدے کو نبھانا چاہیے۔
رانا ثنا اللہ نے کہا کہ اگر ٹی ٹی پی کسی واقعہ کی ذمے داری قبول کرتی ہے جس طرح کے بلوچستان میں ہونے والے واقعہ کی بات ہے تو اگر وہ ذمے داری قبول کرنے کے بیان کی تردید نہیں کرتے تو پھر یہ بات افغانستان کی حکومت کے لیے بھی باعث تشویش ہونی چاہیے اور اس سلسلے میں ہم بھی ان سے بات کریں گے،اگر ٹی پی پی افغانستان میں موجود ہے اور پاکستان آکر دہشت گردی کرتی ہے تو پھر افغانستان کی سرزمین دہشت گردی کے لیے استعمال ہوگئی جس کے استعمال نہ ہونے دینے کا انہوں نے دنیا سے وعدہ کیا تھا،عمران خان کی جانب سے اسمبلیاں تحلیل کرنے کا اعلان غیر آئینی ہے، اس طرح کے ادارے آئین اور جمہوری نظام کی توہین ہے، ہم اس کی مذمت کرتے ہیں لیکن اگر عمران خان اپنے اس اقدام میں کامیاب ہوتے ہیں تو ہم آئین کی منشا کے مطابق عمل کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ اسمبلیاں تحلیل ہونے کی صورت میں اگر الیکشن کا انعقاد 90 روز میں ممکن ہو ا تو انتخابات کرائے جائیں لیکن اگر کسی وجہ سے وہ تاخیر کا شکار ہوئے تو پھر عام انتخابات کے ساتھ بھی انتخابات کرائے جا سکتے ہیں، الیکشن جب بھی ہوں، ہم ان میں جانے کے لیے تیار ہیں، ہمیں الیکشن لڑنے میں کوئی مسئلہ نہیں ہے ، کوئی یہ مت سمجھے کہ ہم الیکشن سے پیچھے ہٹنا چاہتے ہیں یا الیکشن سے خوفزدہ ہیں، ہمارا مؤقف اسمبلیوں کی مدت پوری کرنے کا ہے ، پی ٹی آئی کا بھی یہ ہی مؤقف تھا کہ ایک دن پہلے بھی الیکشن نہیں ہوگا۔
رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی اسمبلیوں کی تحلیل سے پہلے اپنے دیے گئے استعفوں کی تصدیق کے لیے اسپیکر کے سامنے پیش ہوں، کم از کم وہ تنخواہیں لینا بند کریں، پارلیمنٹ لاجز خالی کریں، گاڑیاں واپس کریں، ان کے سابق وزرا سرکاری رہائش گاہیں خالی کریں، پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے بڑے پاگل کے ساتھ چھوٹے پاگلوں کا جھتہ، عمران نیازی اور اس کے ساتھی ملک میں عدم استحکام پیدا کرنے کی کوشش کر رہا ہے، اگر سیاسی عدم استحکام ہوگا تو ملک میں امن و امان کی صورتحال خراب ہونے کا اندیشہ ہے، عمران خان نے کرپشن کا بیانیہ بنایا اور خود گھٹیا ترین کرپشن کی۔
