کترینہ کیف اور وکی کوشل آج میاں بیوی بن جائیں گے

بالی ووڈ ڈول کہلانے والی معروف بھارتی اداکارہ 38 سالہ کترینہ کیف اور 33 سالہ بھارتی اداکار وکی کوشل 9 دسمبر کی رات میاں بیوی کے رشتے میں بندھ جائیں گے۔ دونوں کی شادی کی مرکزی تقریب آج راجستھان کے ایک تاریخی قلعے میں ہو رہی ہے جسے کہ ایک فائیو سٹار ہوٹل کا درجہ مل چکا ہے۔ تقریب میں صرف 120 مہمانوں کو مدعو کیا گیا ہے جو کترینہ کیف اور وکی کوشل کے قریب ترین افراد میں شمار کیے جاتے ہیں۔ اب تک دونوں کی شادی کی تقریبات کی صرف ایک ہی تصویر سامنے آ سکی ہے جس میں کترینہ کیف خوشی سے پھولے نہیں سما رہیں۔ یاد رہے کہ دونوں نے اپنی شادی کی تقریب کے نشریاتی حقوق ایک سٹریمنگ کمپنی کو 80 کروڑ روپے کے عوض فروخت کر دیے ہیں لہٰذا شادی میں نہ تو مہمانوں کو موبائل فون لے جانے کی اجازت ہے اور نہ ہی کسی کو کوئی تصویر بنانے کی اجازت یے۔ دوسری جانب ابھی تک اس حوالے سے کوئی خبر نہیں مل پائی کہ آیا کترینہ کیف کے پندرہ سال پرانے بوائے فرینڈ سلمان خان شادی میں شرکت کریں گے یا انہیں مدعو ہی نہیں کیا گیا۔
بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ کترینہ کیف اور وکی کوشل آج رات تک شادی کے بندھن میں بندھ جائیں گے اور ممکنہ طور پر دونوں 9 دسمبر کی شام تک سات پھیرے لے کر جنم جنم ساتھ نبھانے کا وعدہ کریں گے۔ ’انڈیا ٹوڈے‘ کے مطابق یہ پہلے ہی رپورٹس تھیں کہ دونوں 9 دسمبر تک رشتہ ازدواج میں بندھ جائیں گے اور تازہ رپورٹس کے مطابق دونوں کی مہندی کی تقریبات 8 اور 9 دسمبر کی درمیانی شب کو ہوئیں۔ بتایا گیا ہئ کہ دونوں کی شادی کی رسومات خالص ہندو مذہب کے تحت ہوں گی اور ممکنہ طور پر دونوں 9 دسمبر کی شام تک سات پھیرے لیں گے۔ رپورٹ میں ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ 8 دسمبر کی شب مہندی سمیت دیگر رسومات کی تقریبات کے دوران وکی کوشل نے اپنی دلہن کترینہ کیف کے لیے معروف بولی وڈ گانے ’تیری اور، تیری اور‘ پر پرفارمنس دی۔ اس تقریب میں اہم شوبز شخصیات نے شرکت کی۔ اسی حوالے سے ’انڈین ایکسپریس‘ نے بھی ذرائع سے بتایا کہ کترینہ کیف اور وکی کوشل 9 دسمبر کی شام تک سات پھیرے لے کر ہمیشہ کے لیے ایک ہوجائیں گے۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ بھارتی سوشل میڈیا پر گزشتہ شب کترینہ کیف کے پرانے اشتہار کی ایک تصویر خوب وائرل ہوئی، جسے اداکارہ کی مہندی کی تقریب کی تصویر قرار دیا گیا۔ شوبز ویب سائٹ ’پنک ولا‘ نے بھی بتایا کہ کترینہ کیف اور وکی کوشل 9 دسمبر کی شب تک رشتہ ازدواج میں بندھ جائیں گے اور ان کی شادی کا استقبالیہ بھی راجستان کے ’سکس سینز ریزورٹ‘ میں ہی ہوگا۔
ایک طرف جہاں بھارتی میڈیا دونوں کی شادی کی تقریبات کے دعوے کرتا دکھائی دیتا ہے، وہیں تاحال کترینہ یا وکی کوشل نے اس حوالے سے کوئی تصدیق یا تردید نہیں کی۔ خیال کیا جا رہا ہے کہ ممکنہ طور پر دونوں اس وجہ سے اپنی شادی کا اعلان نہیں کر رہے، کیوں کہ انہوں نے اپنی شادی کے نشریاتی حقوق ’ایمازون پرائم‘ کو 80 کروڑ روپے میں فروخت کیے ہیں اور معاہدے کے مطابق اسٹریمنگ ویب سائٹ ہی ان کی شادی کی تصدیق کرے گی۔ گزشتہ روز بھارتی میڈیا نے بتایا تھا کہ دونوں نے اپنی شادی کے نشریاتی حقوق ایمازون کو فروخت کردیے اور وہی ان کی شادی کی تصاویر اور ویڈیوز میڈیا کو ریلیز کرے گا۔ تاہم اس حوالے سے بھی جوڑے نے کوئی تصدیق نہیں کی جب کہ بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ کترینہ کیف اور وکی کوشل نے 5 اور 6 دسمبر کی درمیانی شب اسپیشل میرج ایکٹ 1954 کے تحت شادی کرلی تھی جو کہ دو مختلف مذاہب کے افراد کی شادی کو قانونی اہمیت فراہم کرتا ہے۔ کترینہ کیف کا تعلق مذہب اسلام سے ہے جب کہ وکی کوشل ہندو مذہب کے پیروکار ہیں اور دونوں کورٹ میرج کے بعد اب ہندو رسومات کے تحت شادی کریں گے۔
