کترینہ کی شادی میں سلمان خان کی شرکت کا امکان

بھارتی میڈیا نے اب یہ دعویٰ کردیا ہے کہ بالی ووڈ باربی ڈول کترینہ کیف اپنے ساتھی اداکار وکی کوشل سے ہی شادی کرنے جا رہی ہیں اور سلمان خان کو بھی شادی کا دعوت نامہ مل گیا ہے جس کے بعد ان کی بھی شرکت کا امکان پیدا ہو گیا ہے۔ تاہم کرونا کے نئے وائرس اومی کرون کے تیزی سے پھیلنے کی وجہ سے کترینہ کی شادی کے رنگ پھیکے پڑنے کے امکانات پیدا یو گئے ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق شادی کی تقریب کے لیے مہمانوں کی فہرست کو حتمی شکل دے دی گئی جس میں سلمان خان کا نام بھی شامل کیا گیا ہے۔
ٹائمز آف انڈیا نے اپنی رپورٹ میں دعویٰ کیا کہ اگرچہ بھارت میں بھی ’اومی کرون‘ کے پھیلنے کا خدشہ ہے تاہم اس کے باوجود وکی کوشل اور کترینہ کیف شادی کی تیاریوں میں مصروف ہیں اور دونوں نے مہمانوں کی فہرست کو حتمی شکل دے دی ہے۔
رپورٹ میں نامعلوم ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے دعویٰ کیا گیا کہ دونوں اداکار دسمبر کے اوائل میں ہی راجستھان کے سکس سینز ریزورٹ میں شادی کریں گے جس میں شرکت کے لیے مختلف شوبز، سیاسی، سماجی و کاروباری شخصیات کو مدعو کیا جا رہا ہے۔ مہمانوں کی نئی فہرست دیکھنے والے ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ اس میں سلمان خان کا نام بھی شامل ہے جبکہ دیگر مہمانوں میں بوسو مارٹس اور کرن جوہر جیسی شخصیات بھی شامل ہیں۔ان دنوں سلمان خان بیرون ملک دورے پر ہیں جبکہ کرونا کی نئی لہر ’اومی کرون‘ پھیلنے کے خدشات کے پیش نظر واضح نہیں ہے کہ کون کون سی شخصیات شادی کی تقریبات میں شرکت کریں گی۔
رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا کہ شادی کی تقریبات کے بعد جوڑا ممبئی میں ریسیپشن کی عالیشان تقریب بھی منعقد کرے گا۔دوسری جانب انڈیا ٹوڈے نے بھی اپنی رپورٹ میں بتایا کہ بالی ووڈ اداکار شادی کی تیاریوں میں مصروف ہیں اور دونوں نے مہمانوں کو دعوت دینا شروع کر دی۔ شادی کی تقریبات میں ہدایت کارہ نتیا مہرا، روہت شیٹھی، کرن جوہر، علی عباس ظفر، سدھارتھ ملہوترا، کیارہ آڈوانی، ورون دھون اور ان کی اہلیہ سمیت دیگر شخصیات شرکت کریں گی۔حیران کن بات یہ ہے کہ گزشتہ ہفتے تک بھارتی میڈیا دعویٰ کرتا رہا تھا کہ وکی کوشل اور کترینہ کیف نومبر کے آخر تک کورٹ میرج کرلیں گے تاہم تاحال ان کی جانب سے عدالت میں شادی کرنے کی کوئی تصدیق یا تردید نہیں کی گئی۔
بھارتی میڈیا کی جانب سے یہ دعویٰ بھی سامنے آیا کہ کترینہ کیف نے سلمان خان اور ان کے اہل خانہ کو شادی میں دعوت نہیں دی تاہم اب بتایا جا رہا ہے کہ دبنگ ہیرو کا نام مہمانوں کی فہرست میں شامل ہے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ چار دن قبل ہی وکی کوشل کی خاتون کزن نے دعویٰ کیا تھا کہ وکی کوشل شادی نہیں کر رہے اور اس حوالے سے پھیلنے والی خبریں غلط ہیں تاہم اس کے باوجود بھارتی میڈیا بضد ہے کہ جوڑا شادی کی تیاریوں میں مصروف ہے۔شادی کی افواہیں اور خبریں نشر ہونے کے باوجود تاحال کترینہ کیف اور وکی کوشل نے خود اس ضمن میں نہ تو کوئی تردید کی ہے اور نہ ہی کوئی تصدیق۔ لہذا یہ دیکھنا ابھی باقی ہے کہ کترینہ کی شادی کی خبریں درست ہیں یا نہیں۔
