کراچی میں احساس پروگرام کے دفتر پر دستی بم حملہ

کراچی کے علاقے لیاقت آباد 10 نمبر میں احساس پروگرام کے دفتر پر نامعلوم افراد کے دستی بم حملے میں ایک شخص جاں بحق ہوگیا۔ لیاقت آباد تھانے کے ایس ایچ او کا کہنا تھا کہ ابتدائی معلومات کے مطابق واقعے میں 5 سے 6 افراد زخمی بھی ہوئے۔ ان کا کہنا تھا کہ دستی بم کا حملہ انجمن اسلامیہ گرلز اسکول میں قائم احساس پروگرام کیمپ میں ہوا۔
انہوں نے کہا کہ واقعے کے بارے میں مزید معلومات اکٹھا کی جارہی ہیں۔ دوسری جانب ایڈیشنل پولیس سرجن عباسی شہید اسپتال ڈاکٹر محمد سلیم نے تصدیق کی کہ ایک شخص کو مردہ حالت میں جب کہ 4 کو زخمی حالت میں اسپتال لایا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ تمام زخمیوں میں سے 2 کی حالت تشویش ناک ہے۔
گورنر سندھ عمران اسمعیٰل نے واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ٹوئٹر پر بیان جاری کیا کہ ’انتہائی افسوس کا مقام ہے، احساس کے دفتر پر حملہ کرنے والوں کو معاف نہیں کیا جائے گا‘۔ ان کا کہنا تھا کہ ’دہشت گردوں کو فوری گرفتار کیا جائے گا، پولیس فوری ایکشن میں نظر آنی چاہیے، نہ جانے کس کو احساس پروگرام سے تکلیف ہے‘۔
عینی شاہدین کے مطابق دھماکے کی آواز دور دور تک سنی گئی، اطلاع ملتے ہی پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور بم ڈسپوزل اسکواڈ نے بھی جائے وقوعہ کا دورہ کرکے شواہد جمع کیے جب کہ واقعہ کی چھان بین کی جا رہی ہے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل آج صبح صوبہ سندھ کے شہر گھوٹکی میں بھی گوشت کی دکان کے باہر دھماکا ہوا تھا جس کے نتیجے میں 2 رینجرز اہلکار شہید ہوگئے تھے۔
مقامی پولیس کے مطابق دھماکا گھوٹا مارکیٹ کے قریب گوشت کی دکان میں ہوا جہاں سے رینجرز اہلکار روزانہ گوشت خریدا کرتے تھے جب کہ جائے وقوع کے قریب رینجرز موبائل بھی کھڑی تھی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button