کراچی میں کل سے غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ نہیں ہوگی

وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی اسد عمر نے کہا ہے کہ کراچی میں کل(بروز اتوار) سے کوئی غیراعلانیہ لوڈ شیڈنگ نہیں ہوگی۔
کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اسدعمر نے کہا کہ بن قاسم میں ایک سے زیادہ ایندھن سے چلنے والے کے-الیکٹرک کے کچھ یونٹس فرنس آئل سے چلائے جائیں گے اور پیٹرولیم ڈویژن نے فرنس آئل کی سپلائی کو بڑھادیا ہے ان کے پاس اس وقت پہلے سے زیادہ فرنس آئل آرہا ہے اور اس سپلائی میں مزید اضافہ بھی کیا جائے گا۔
اپنی بات جاری رکھتے ہوئے اسد عمر نے کہا کہ میں ساتھ ساتھ یہ بھی واضح کرنا چاہتا ہوں کہ ان فیصلوں سے کہیں یہ نتیجہ اخذ نہ کیا جائے کہ پیٹرولیم ڈویژن کی غلطی تھی تو ایسا نہیں ہے۔ اسد عمر نے کہا کہ اس سیکٹر کا ریگولیٹر نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) ہے اور گزشتہ روز نیپرا نے لوڈشیڈنگ کے حوالے سے عوامی سماعت بھی مکمل کی ہے جب کہ چیئرمین نیپرا آج (11 جولائی کو) اجلاس میں موجود تھے۔
انہوں نے کہا کہ چیئرمین نیپرا نے کہا ہے کہ لوڈشیڈنگ میں کس کی غلطی سے اضافہ ہوا اس حوالے سے علیحدہ فیصلہ جاری کیا جائے گا۔ وفاقی وزیر منصوبہ بندی نے کہا کہ آج ہمارا مقصد صرف یہ تھا کہ کراچی کے اندر غیر معمولی اور اعلانیہ کے علاوہ جو غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ ہورہی ہے اسے فی الفور کیسے ختم کرایا جاسکتا ہے۔ اپنی بات جاری رکھتے ہوئے اسد عمر نے کہا کہ غیراعلانیہ لوڈ شیڈنگ کے خاتمے کے لیے کے-الیکٹرک کو گیس سپلائی میں اضافے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور فرنس آئل کی سپلائی میں بھی اضافہ کردیا گیا ہے۔
اسد عمر نے کہا کہ ان دونوں اقدامات کے بعد کل سے کراچی میں کوئی بھی غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ نہیں ہوگی، انہوں نے مزید کہا کہ کراچی کی تین چوتھائی آبادی پر مشتمل علاقے ہیں جہاں پہلے اعلانیہ لوڈشیڈنگ نہیں ہوتی تھی ان علاقوں میں اب وہی صورتحال بحال کی جائے گی۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ یہ بڑی بدقسمتی کی بات ہے ایک طرف پاکستان کے اندر بجلی کی پیداوار کے اضافے کے لیے اربوں ڈالرز کے کنٹریکٹس پر دستخط کیے جارہے تھے لیکن ساتھ ساتھ ہی یہ فیصلے نہیں کیے گئے کہ اس بجلی سے باقی پاکستان کی طرح کراچی کیسے مستفید ہوگا۔ اپنی بات جاری رکھتے ہوئے انہوں نے کہا کہ گزشتہ چند ماہ کیے گئے فیصلوں کا نتیجہ یہ نکلے گا کہ 2021 کی گرمیوں سے پہلے کراچی کو 550 میگاواٹ اضافی بجلی مہیا کی جائے گی جس کا مطلب یہ ہے کہ اگلے سال کی گرمیوں سے قبل کراچی میں بجلی کی فراہمی میں 18 فیصد اضافہ کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ اس سے اگلے سال یعنی 2022 کی گرمیوں سے پہلے کراچی کو بجلی کی سپلائی میں مزید 800 میگاواٹ اضافہ کیا جائے گا، یعنی 2021 میں 550 میگاواٹ اور اس سے اگلے سال 800 میگاواٹ کے اضافے کے ساتھ 2022 تک مجموعی طور پر کراچی میں بجلی کی فراہمی میں 1350 میگاواٹ کا اضافہ کیا جائے گا۔ اسد عمر نے کہا کہ کے -الیکٹرک ایک نجی ادارہ ضرور ہے لیکن کراچی کی نجکاری نہیں ہوئی۔
