کرونا مریضوں کے الٹراساؤنڈ اور ایکو کرنے والا روبوٹ

مصر کے ایک شخص نے کرونا کے مشتبہ افراد کے کووڈ-19 ٹیسٹ اور مصدقہ مریضوں کے ایکسرے و ایکو کارڈیوگرام کرنے کے لیے ایک روبوٹ تیار کیا ہے۔
کرونا کا ٹیسٹ مریض کے لیے ایک تکلیف دہ مرحلہ ہی نہیں بلکہ طبی عملے کو بھی سخت احتیاط کا بوجھ اُٹھانا ہوتا ہے اور اس کے باوجود طبے عملے کے موزی مرض میں مبتلا ہونے کے واقعات تسلسل سے جاری ہیں۔ اگر کرونا کے مریض کا ایکسرے یا ایکو کارڈیو گرام کرنا ہو تو یہ الگ مسئلہ ہوتا ہے تاہم اب مصر کے ایک شخص نے اس کا حل ڈھونڈ نکالا ہے۔ مصر کے شہر تنتا کے رہائشی محمود الکومی نے انسانی شکل سے ملتا جلتا سیرا 03 نامی ایسا روبوٹ تیار کیا ہے جو نہ صرف کووڈ-19 کا ٹیسٹ کرسکے گا بلکہ کرونا کے مریضوں کے خون کے نمونے بھی لے گا جب کہ ایکسرے، ایکو کارڈیو گرام اور الٹراساؤنڈ بھی انجام دے سکے گا۔ ٹیسٹ کے نتائج مریض اسکرین پر بھی دیکھ سکتے ہیں۔ اب تک کرونا ٹیسٹ کرنے والے روبوٹ ایجاد ہوئے ہیں تاہم یہ پہلا روبوٹ ہوگا جس کی شکل انسانی ہے اور جو خون کے نمونے لینے کے ساتھ ساتھ دیگر ٹیسٹس بھی کرسکے گا۔ روبوٹ بنانے والے محمود الکومی کا کہنا ہے کہ اس طرح مریضوں سے وائرس طبی عملے میں منتقل ہونے کے امکانات ختم ہوجائیں گے۔
