کسی میں ہمت نہیں ہمیں روکے ، اپنے فیصلوں میں آزاد ہیں‌

چیف جسٹس پاکستان جسٹس گلزار احمد نے کہا ہے کہ عدالت عظمیٰ فیصلے کرنے میں آزاد ہے اور کسی کی ہمت نہیں ہمیں روکے ، ہم پر کسی کا کوئی دباؤ نہیں‌ ہے ۔

چیف جسٹس پاکستان جسٹس گلزار احمد نے لاہور میں کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کبھی کسی ادارے کی بات سنی اور نہ کبھی ادارے کا دباؤ لیا، مجھے کسی نے نہیں بتایا کہ فیصلہ کیسے لکھوں، کسی کو مجھ سے ایسے بات کرنے کی کوئی جرات نہیں ہوئی۔

جسٹس گلزار احمد نے کہا کہ آج تک کسی کی ڈکٹیشن دیکھی، سنی اور نہ ایسا کوئی اثرلیا، یہی کردار میرے ججز کا ہے ، مجھے کوئی نہیں کہہ سکتا کہ میں نے ڈکٹیشن لی ، میری عدالت لوگوں کو انصاف دیتی ہے، ہماری عدالت قانون کی پیروی کرتے ہوئے کام کررہی ہے ۔

چیف جسٹس سپریم کورٹ‌ کا کہنا تھا کہ کہیں غلط فیصلے آتے ہیں کہیں صحیح، کسی کو غلط فیصلہ کہا جاتا ہے، یہ لوگوں کی اپنی رائے ہوتی ہے ۔یہی عدالتی نظام اور جمہوریت کی خوبصورتی ہے، ہم اس پر عملدرآمد کرتے ہیں، کسی کی ہمت نہیں ہوئی ہمیں روکنے کی کوشش کرے ۔

جسٹس گلزار احمد نے کہا کہ لوگوں کو غلط باتیں نہ بتائیں، انتشار نہ پھیلائیں، اداروں کے اوپر سے لوگوں کا بھروسہ نہ اٹھوائیں، پاکستان میں انسان کی نہیں قانون کی حکمرانی ہے ، ہم جس طرح سے کام کررہے ہیں کرتے رہیں گے۔

Back to top button