کورونا سےایک جاں بحق ،255 نئے کیس رپورٹ

ملک بھرمیں 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس سے ایک جاں بحق جبکہ 225 نئے کیس رپورٹ ہوئے ہیں۔

قومی ادارہ صحت کے تازہ اعداد و شمار کے مطابق ملک میں مثبت کیسز کی شرح 5.46 فیصد ریکارڈ کی گئی، کورونا سے متاثر 141 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے، گزشتہ چوبیس گھنٹے کے دوران کورونا کی تشخیص کے لیے 4 ہزار 674 ٹیسٹ کیے گئے، جن میں سے 255 کیسز مثبت آئے جبکہ وائرس سے متاثرہ ایک شخص جاں بحق ہوگیا۔

ا دھر شہر قائد میں منگل کو مثبت کیسز کی شرح 39.46 فیصد کی خطرناک سطح پر پہنچ گئی۔

قومی ادارہ صحت کے مطابق اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں شہر قائد میں 408 ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 161 مثبت آئے، کراچی میں کورونا کیسز کی سب سے زیادہ مثبت شرح ریکارڈ کی گئی جس کے بعد اسلام آباد رہا جہاں کووڈ 19 کا تناسب 7.69 فیصد رہا۔

این ایچ آئی کے مطابق دیگر شہروں جن میں انفیکشن کی شرح 2 فیصد سے زیادہ پائی گئی ان میں لاہور، حیدر آباد اور پشاور شامل ہیں۔

دوسری جانب سندھ کے وزیر محنت اور پیپلز پارٹی کے رہنما سعید غنی ایک بار پھر کورونا وائرس کا شکار ہوگئے جبکہ ایڈمنسٹریٹر کراچی مرتضیٰ وہاب بھی تیزی سے پھیلتے وائرس سے متاثر ہوگئے ہیں۔

ٹوئٹر پر جاری اپنے ایک بیان میں سعید غنی نے بتایا کہ میری طبیعت گزشتہ کچھ روز سے ٹھیک نہیں تھی، 4 روز قبل ٹیسٹ کروانے پر معلوم ہوا کہ میں دوسری مرتبہ کورونا وائرس میں مبتلا ہوچکا ہوں،

ڈاکٹرز کی ہدایت کے مطابق میں نے خود کو لوگوں سے دور الگ تھلگ رکھا ہوا ہے اور آئسولیشن اختیار کر رکھی ہے،کورونا وائرس کی معمولی علامات کے علاوہ میری طبیعت بہتر ہے۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں مرتضٰی وہاب نے بتایا کہ گزشتہ روز سے میں نے اپنے جسم میں کورونا وائرس کی کچھ علامات محسوس کی ہیں، ان محسوس کی گئی علامات اور تبدیلیوں کو دیکھتے ہوئے میں نے احتیاطی طور پر خود کو لوگوں سے الگ تھلگ کرنے اور کورونا ٹیسٹ کروانے کا فیصلہ کیا جس کا نتیجہ مثبت آیا۔

Back to top button