کورونا وائرس، تعلیمی اداروں میں چھٹیوں اور امتحانات کے شیڈول کا فیصلہ آج

پاکستان میں عالمی وبا کورونا وائرس کی تیسری لہر جاری ہے اور صوبہ سندھ میں وائرس کے پھیلاؤ میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے جبکہ کورونا کے باعث تعلیمی اداروں اور امتحانات کے شیڈول کا جائزہ لینے کےلیے بین الصوبائی وزرائے تعلیم کا اجلاس آج پیر کو ہو رہا ہے۔
کورونا کی صورتحال پر نظر رکھنے اور اقدامات تجویز کرنے والے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں ملک میں تین ہزار 60 مثبت کیسز رپورٹ ہوئے جبکہ اس دوران اموات کی تعداد 57 رہی۔ صوبہ سندھ میں مئی کی نو تاریخ سے 22 کے دوران 16 ہزار 450 نئے کورونا کیسز سامنے آئے۔حکام کے مطابق سندھ میں گذشتہ ہفتے ایک لاکھ 34 ہزار سے زیادہ ٹیسٹ ہوئے جس میں کراچی میں مثبت کیسز کی شرح 13.60 فیصد جبکہ حیدر آباد کی 10 اعشاریہ 76 فیصد رہی۔ پورے صوبے کے مثبت کیسز کی شرح 8.37 فیصد ہے۔کورونا سے سندھ میں ہونے والے اموات کی تعداد چار ہزار 920 ہے۔گزشتہ روز سندھ کے وزیراعلیٰ مراد علی شاہ نے کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا تھا کہ عیدالفطر کے بعد سندھ بالخصوص کراچی میں کورونا کے کیسز میں اضافہ ہوا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ بڑھتے ہوئے کیسز کے سبب پابندیاں مزید دو ہفتے تک برقرار رہیں گی۔ادھر این سی او سی کے مطابق ملک میں مجموعی طور پر وائرس کے پھیلاؤ کی شرح میں نمایاں کمی دیکھی گئی ہے۔اسلام آباد میں وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود کی زیر صدارت صوبائی وزرائے تعلیم کے ویڈیو لنک اجلاس میں تعلیمی اداروں میں گرمیوں کی چھٹیوں اور امتحانات کے شیڈول پر آج تجاویز کا جائزہ لینے کے بعد فیصلہ کیا جائے گا۔واضح رہے کہ این سی او سی نے کورونا کے پانچ فیصد سے کم والے علاقوں میں تعلیمی ادارے کھولنے کی اجازت دی ہے جبکہ پانچ فیصد سے زائد کیسز رکھنے والے علاقوں کے حوالے سے فیصلہ 3 جون کو کیا جائے گا۔اس کے علاوہ سندھ بھر میں کورونا کیسز میں اضافے کے باعث تعلیمی ادارے بند ہیں اور سندھ حکومت نے کورونا کی پابندیوں میں بھی 2 ہفتوں تک توسیع کی ہے۔اس وقت پاکستان میں کورونا کے ایکٹیو کیسز کی تعداد 62 ہزار 917 ہے۔نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے گزشتہ ہفتے کیے گئے فیصلے کے تحت آج سے ملک بھر میں آؤٹ ڈور ریستوران اور سیاحتی مقامات کھول دیے گئے ہیں۔این سی او سی کے فیصلے کے مطابق ملک بھر کے آؤٹ ڈور ریستوران رات بارہ بجے تک کھلے رکھے جا سکیں گے جبکہ ٹیک وے کی ہفتے میں سات دن اور چوبیس گھنٹے اجازت ہوگی۔سخت کورونا پروٹوکولز کے تحت سیاحتی شعبے کو کھولنے کی اجازت پر بھی آج سے عمل درآمد کا آغاز ہو رہا ہے۔این سی او سی نے تمام صوبوں کو پروٹوکولز کے بارے میں علیحدہ علیحدہ ہدایات جاری کی گئی ہیں۔
