کورونا وائرس:ائیربس نےبھی چین میں اپناپلانٹ بندکردیا

کورونا وائرس کی وجہ سے ہوائی جہاز بنانے والی یورپی کمپنی ائیربس نے بھی چین میں اپنا پروڈکشن پلانٹ بند کردیا۔
ذرائع کے مطابق یورپی کمپنی ائیر بس نے چین کے شمال مشرقی شہر تیانجن میں اپنا پروڈکشن پلانٹ بند کرنے کا اعلان کیا ہے۔ دوسری جانب ائیربس کے حریف امریکی جہاز سازادارے بوئنگ نے بھی شنگھائی کے قریب واقع اپنے بند پلانٹ کو مزید کچھ عرصے تک نہ کھولنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اُدھر فرانس کی ایرواسپیس کمپنی سافران نے بھی چین میں اپنے پروڈکشن پلانٹ بند کردیا ہے۔
ائیربس اورسافران کی جانب سے کہا گیا ہے کہ پلانٹس ورکر کےعلاوہ ان کا دیگرعملہ جہاں سےممکن ہے اپنا کام کررہا ہے۔ خیال رہے کہ اس سے قبل بڑی ٹینکالوجی کمپنیوں گوگل اورایپل بھی چین میں واقع اپنے دفاتربند کرچکی ہیں جب کہ کار بنانے والی بڑی کمپنیاں، ٹویوٹا، واکس ویگن اورجنرل موٹرز بھی چین میں اپنی پیداوارمعطل کرچکی ہیں۔
واضح رہے کہ چین میں خطرناک کورونا وائرس کے باعث ہلاکتوں کی تعداد 500 کے قریب پہنچ گئی ہے۔ چین کے نیشنل ہیلتھ کمیشن کے مطابق کورونا وائرس کے مزید 3 ہزار800 سے زائد متاثرین سامنے آئے ہیں جس کے بعد متاثرہ مریضوں کی تعداد 24 ہزار324 تک پہنچ گئی ہے۔ کورونا وائرس نے جہاں چین میں موجود لوگوں کی زندگیوں کوبُری طرح متاثرکیا ہے وہیں چین کو معاشی طورپربھی بے حد نقصان پہنچایا ہے۔
چین میں دنیا کی سب سے بڑی انٹرنیٹ اورٹیکنالوجی مارکیٹ ہے جب کہ چین دنیا کا سب سے بڑا صنعتی مرکزبھی ہے، موذی وائرس کی وجہ سے دنیا کے بڑے صنعت کاروں اورعالمی کمپنیوں نے چین میں موجود اپنے دفاترعارضی طورپر بند کر دیے ہیں جس کے باعث معاشی طورپربھی نقصان ہورہا ہے۔
