کورونا وائرس کی دوسری لہر بتدریج شروع ہوچکی ہے

وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا ہے کہ ملک میں کورونا وائرس کی دوسری لہر بتدریج شروع ہوچکی ہے اور پابندیوں میں مزید سختی ناگزیر نظر آتی ہے۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا کہ کورونا وائرس کی دوسری لہر بتدریج شروع ہوچکی ہے کیونکہ ہم ہر روز اپنے اعداد و شمار کو دیکھتے ہیں تو یہ چیز واضح ہو رہی ہے کہ ایک مرحلے پر آج سے چند دن قبل کیسز کی تعداد 400 یا 500 کے قریب تھی اس وقت ہر روز ان کیسز کی تعداد 700 اور 750 تک ہو چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس کے علاوہ کورونا سے اموات میں بھی اضافہ ہوا ہے، ٹیسٹ کی مثبت شرح بھی کئی ہفتوں تک 2 فیصد سے کم چلتی رہی اور اب بتدریج اس میں اضافہ ہوا اور اب ڈھائی اور پونے تین فیصد کے قریب پہنچی ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ بات بھی واضح ہے کہ بطور قوم جو پابندیاں اور احتیاط ہمیں خود سے کرنی چاہیے وہ ہم نہیں کر رہے ہیں جو اس وبا کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے ضروری ہیں۔ ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا کہ اب ہم ان حالات میں آرہے کہ ہمیں کچھ سختی کرنا یا کچھ پابندیوں سخت کرنا ناگزیر ہوتا نظر آر ہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس میں ہماری اپروچ مقامی سطح سے شروع کریں گے، ان شہروں اور اضلاع میں جہاں اس بیماری کی شرح زیادہ ہے وہاں توجہ زیادہ ہوگی۔ معاون خصوصی نے کہا کہ ہمیں کوشش یہ کرنی ہے کہ ہماری پابندیاں ہیں یا جن کے بارے میں ہم سوچ رہے ہیں وہ اس طرح ہوکہ جہاں بیماری کا پھیلاؤ سب سے زیادہ اوربیماری کا زور زیادہ نظر آتا وہاں زیادہ توجہ دی جائے۔
