کورونا وائرس کے خدشات کے باوجود رائیونڈ تبلیغی اجتماع جاری

تبلیغی جماعت کے منتظمین نے کورونا وائرس کے تمام خدشات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے رائیونڈ تبلیغی مرکز میں پانچ روزہ تبلیغی اجتماع کا آغاز کردیا۔
اس اجتماع میں مرکز کی جانب سے 3 دن، 40 روزہ یا 4 ماہ کے مشن میں شامل ہونے والے 3 کٹیگری کے افراد کو مدعو کیا گیا ہے۔ رائیونڈ میں ہونے والا تبلیغی اجتماع بدھ کو نماز عصر سے شروع ہوا اور یہ اتوار کی صبح نماز فجر میں اجتماعی دعا کے ساتھ اختتام پذیر ہوگا.
اجتماع میں ملک میں موجود مختلف اسکالرز سمیت پڑوسی ملک بھارت سے آئے ہوئے مولانا احمد لیتی اور مولانا ابراہیم ہزاروں افراد کے مجمع سے خطبہ دیں گے۔ دوسری جانب پنجاب حکومت کے حکام کی جانب سے کہا گیا کہ کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے خطرے کے پیش نظر ان کی جانب سے اجتماع ملتوی کرنے کی متعدد درخواستوں کو منتظمین کی جانب سے مسترد کردیا گیا۔
واضح رہے کہ صوبائی حکام کی جانب سے اجتماع میں سندھ اور پنجاب سے شرکاء کے آنے کی وجہ سے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کا خدشہ ظاہر کیا گیا تھا۔
اس حوالے سے سیکریٹری محمد عثمان کا کہنا ہے کہ احتیاطی اقدامات کے طور پر ان کے محکمے نے تبلیغی مرکز میں تمام ضروری سہولیات کے ساتھ 5 بستروں پر مشتمل ایک آئیسولیشن وارڈ قائم کیا ہے۔
اس کے علاوہ وائرس سے لوگوں کے متاثرہ ہونے کا خدشہ بڑھنے کی صورت میں روائیونڈ اسپتال انتظامیہ کو مزید بستر مختص کرنے کے لیے الرٹ رکھا گیا ہے۔
ان کے مطابق تمام اہل عملے کو تعینات کیا گیا ہے جب کہ شرکاء کو تشہیر کے ذریعے احتیاطی تدابیر جیسے مصافحہ سے گریز کرنا، کثرت سے ہاتھ صاف کرنا اور کورونا وائرس جیسی علامات کے شبہ میں فوری طور پر طبی امداد حاصل کرنے کے بارے میں یاد دہانی کروائی جارہی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button