کورونا کیسز میں اضافے سے اسپتالوں میں گنجائش ختم ہوسکتی ہے

سندھ حکومت کے ترجمان مرتضیٰ وہاب نے آئندہ دنوں میں کورونا کیسز کی تعداد میں خطرناک حد تک اضافے کا خدشہ ظاہر کردیا۔
مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ عید کی چھٹیوں میں لوگوں نے احتیاط کا دامن چھوڑ دیا جس وجہ سے کورونا کیسز کی تعداد آنے والے دنوں میں خطرناک حدتک بڑھ سکتی ہے۔ انہوں نے خدشہ ظاہر کیا کہ 10 سے 12 روز میں اسپتالوں میں مریضوں کی گنجائش ختم ہوسکتی ہے۔
مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ صورت حال بہت لمحہ فکریہ ہے، مریضوں اور اموات میں اضافہ ہورہا ہے، اموات بتارہی ہیں کہ صورت حال کتنی خطرناک ہے، لوگوں کی ترجیح نجی اسپتال ہے لیکن وہاں بھی گنجائش ختم ہوچکی ہے مگر سرکاری اسپتال میں کچھ گنجائش ہے اور وزیراعلیٰ گنجائش مزید بڑھانے کی کوشش کررہے ہیں۔
ترجمان نے مزید کہا کہ نیپا کراچی میں 200 بستروں پر مشتمل عارضی اسپتال بنارہے ہیں، کراچی یونیورسٹی کے پاس بھی جگہ دیکھی ہے جہاں 50 بستر لگائیں گے اس کے علاوہ لیاری اور جنرل اسپتال میں بھی بستروں کی تعداد بڑھارہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ جس طرح سے نمبرز بڑھ رہے ہیں صورت حال خطرناک ہے اور مزید آنے والے دنوں میں ہوسکتی ہے، جس طرح پچھلے 10 روز میں کیسز آئے سب کے سامنے ہیں، آج سے 10 روز پہلے 16 سے 17 افراد وینٹی لیٹرز پر تھے جو اب 40 سے 50 ہوگئے ہیں، آئی سی یو میں بھی مریضوں کی تعداد 40 سے 80 تک جا پہنچی ہے۔
مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ ملک بھرمیں 14روز کا سخت لاک ڈاؤن ہوجائے تو کافی حد تک قابو پاسکتے ہیں لیکن لگتا نہیں کہ وفاقی حکومت سخت لاک ڈاؤن کی طرف جائے گی البتہ این سی سی اجلاس میں تمام حقائق وزیراعظم کےسامنے رکھیں گے۔
واضح رہے کہ ملک میں کورونا کے کیسز میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے اور اب تک کیسز کی تعداد 66 ہزار سے تجاوز کرگئی ہے جب کہ 1300 سے زائد اموات بھی ہوچکی ہیں۔
