کورکمانڈرزکا نیوکلیئرکمانڈ اینڈ کنٹرول سسٹم پرمکمل اعتماد کااظہار

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی زیر صدارت کور کمانڈرز کانفرنس میں ملک کے نیوکلیئر کمانڈ اینڈ کنٹرول سسٹم پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا گیاہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ سے جاری بیان میں بتایاگیا کہ جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) میں چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ کی زیر صدارت 252 ویں کور کمانڈرز کانفرنس ہوئی۔
جاری بیان کے مطابق فورم نے پاکستان کے مضبوط و محفوظ نیوکلیئر کمانڈ اینڈ کنٹرول اسٹرکچراورملک کے اسٹریٹجک اثاثوں سے متعلق سیکیورٹی انتظامات پر ایک بار پھر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔
آئی ایس پی آرکے مطابق اجلاس کو آگاہ کیا گیا کہ ایک ذمہ دار جوہری ہتھیاروں کی حامل ریاست کے طور پر پاکستان نے اپنی جوہری سلامتی کے نظام کو مضبوط بنانے کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے ہیں جب کہ ملک کی جانب سے کیے گئے حفاظتی انتظامات رائج عالمی معیار کے مطابق ہیں۔
آئی ایس پی آرکےبیان کے مطابق کور کمانڈرز کانفرنس کے شرکا نے موجودہ اندرونی اور بیرونی سیکیورٹی صورتحال اور فوج کی آپریشنل تیاریوں کا بھی بغور جائزہ لیا۔
یاد رہے کہ پاک فوج کی جانب سے جوہری ہتھیاروں کے تحفظ سے متعلق بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب کہ گزشتہ ہفتے ڈیموکریٹک کانگریس کی مہم کمیٹی کے استقبالیہ سے خطاب کرتے ہوئے امریکی صدر جوبائڈن نے کہا تھا کہ پاکستان میرے خیال میں شاید دنیا کی خطرناک ترین قوموں میں سے ایک ہے کیونکہ ان کے جوہری ہتھیار غیرمنظم ہیں۔
پاکستان میں تعینات امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم کو دفترخارجہ طلب کرکے صدر جوبائیڈن کے جوہری اثاثوں کے حوالے سے اس بیان پر شدید ڈیمارش کیا گیا اور پاکستان کی ناراضی سے آگاہ کیا گیا۔
صدر جو بائیڈن کے متنازع اور ہنگامہ خیز بیان کے چند گھنٹے بعد ہی وائٹ ہاؤس نے پاکستان کو یقین دلایا کہ امریکی صدر مضبوط اور خوشحال جنوبی ایشائی نیوکلیئر طاقت کے حامل ملک کی حمایت کرتے ہیں، جو بائیڈن کے بیان سے متعلق سوال پر رد عمل دیتے ہوئے وائٹ ہاؤس کی پریس سیکریٹری کیرن جین پیئر نے کہا تھا کہ ’امریکی صدر جوبائیڈن محفوظ اور خوشحال پاکستان کو امریکی مفادات کے لیے اہم سمجھتے ہیں۔
امریکی صدر کے ان کے ریمارکس پر پاکستان میں سخت ردعمل دیکھنے میں آیا جہاں اپوزیشن اور حکومتی رہنماؤں نے اس بیان کی بھرپور مذمت کی اور پاکستان کے اس مؤقف کا اعادہ کیا کہ پاکستان کا جوہری کمانڈ اینڈ کنٹرول سسٹم مضبوط ہے اور اس کے ایٹمی اثاثے مکمل طور پر محفوظ ہیں۔
آئی ایس پی آر کے بیان میں بتایا گیا کہ اجلاس میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں، بالخصوص سندھ اور بلوچستان میں سیلاب کے بعد کی صورتحال میں ریلیف اور بحالی کے کاموں میں پاک فوج کی جانب سے سول انتظامیہ کو فراہم کیے گئے تعاون سے آگاہ کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فارمیشنز کی آپریشنل تیاریوں پراظہار اطمینان کرتے ہوئے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے تمام خطرات کے خلاف مادر وطن کے دفاع کے لیے پاک فوج کے عزم کو دہرایا۔
بیان کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے سیلاب متاثرین کی بحالی کے کاموں میں فرائض کی انجام دہی کے دوران فارمیشنز کی آپریشنل تیاری اور مسلسل کوششوں کو سراہا۔
