کوفہ کی سیاست سے مدینہ کی ریاست نہیں بن سکتی

چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے سابق وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی کے بیٹے کی گرفتاری پر حکومت کو آڑے ہاتھوں لے لیا ۔ سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری اپنے پیغام میں چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے لکھا کہ ’’ کوفہ کی سیاست سے مدینہ کی ریاست نہیں بن سکتی‘‘ ۔
Kufa ki siyasat se Madinah ki riyasat nahi ban sakti #FreeKasim https://t.co/OOYBvb6BoH
— BilawalBhuttoZardari (@BBhuttoZardari) November 29, 2020
اس کے ساتھ انہوں نے فری قاسم کا ہیش ٹیگ بھی استعمال کیا ۔ انہوں نے ایک ویڈیو بھی شیئر کی جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ پولیس علی قاسم گیلانی اور پی پی کارکنان کو گرفتار کر کے لے جا رہی ہے ۔ واضح رہے کہ اپوزیشن کا جلسہ روکنے کے لیے پولیس نے شہر میں پیپلز پارٹی اور دیگر پی ڈی ایم رہنماوں کیخلاف کریک ڈاون شروع کر دیا ہے۔ گزشتہ دنوں پولیس کی جانب سے یوسف رضا گیلانی کے صاحبزادے علی حیدر گیلانی کو گرفتار کیا گیا تھا، جبکہ اب سابق وزیراعظم کے صاحبزادے علی قاسم گیلانی کو گرفتار کر لیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ پولیس نے مزید پیپلز پارٹی رہنماوں اور کارکنوں کو بھی گرفتار کیا ہے۔ گرفتاری ملتان میں پی پی کارکنوں اور پولیس کے درمیان ہونے والی جھڑپ کے بعد عمل میں لائی گئی۔ پولیس نے پی ڈی ایم کے دیگر رہنماوں اور کارکنوں کو بھی گرفتار کیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ پی ڈ ی ایم نے اجازت نہ ملنے کے باوجود 30 نومبر کو ملتان میں جلسے کی تیاریاں شروع کردی ہیں۔ ملتان جلسے کی میزبانی پیپلزپارٹی کررہی ہے، ضلعی انتظامیہ کی جانب سے پی ڈی ایم رہنماؤں کو کرونا پابندیوں کے باعث جلسے کی اجازت نہیں دی گئی۔ ادھرسابق وزیراعظم پاکستان یوسف رضاگیلانی کے صاحب زادے علی قاسم گیلانی کی 30 دن تک نظر بندی کے احکامات جاری ہو گئے۔ یہ احکامات ڈپٹی کمشنر نے 16 ایم پی او کے تحت جاری کیے۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا مزید کہنا تھا کہ آصفہ بھٹو زرداری میری نمائندگی کے لئے ملتان پہنچ رہی ہیں، جلسہ تو ہوکر رہے گا۔ پی ڈیم ایم کے ملتان میں کل ہونے والے جلسے سے آصفہ بھٹو زرداری کے علاوہ مریم نواز، مولانا فضل الرحمن اور دیگراکابرین نے خطاب کرنا ہے جس کی وجہ سے میزبان جماعت پیپلز پارٹی نے جلسے کے حوالے سے پلان بی اور سی بھی تیار کر لیا ہے۔
