کون سا پاکستانی اداکار کپل شرما کا استاد ہے؟

معروف گلوکار علی ظفر نے انکشاف کیا ہے کہ ایک مرتبہ انہیں بھارت کے معروف کامیڈین کپل شرما سے ملنے کا اتفاق ہوا تو انھوں نے بتایا کہ کامیڈی کرنا پاکستانی سٹیج اداکار نسیم وکی سے سیکھی ہے۔
یاد رہے کہ کپل شرما بھارت کے مقبول اسٹینڈ اپ کامیڈین اور ٹی وی میزبان ہیں، ان کا کامیڈی پروگرام ’کپل شرما شو‘ بھارت سمیت مختلف ممالک میں بے حد مقبول ہے۔
دوسری جانب نسیم وکی پاکستانی سٹیج کے ایک معروف مزاحیہ اداکار، ہدایت کار اور ڈراما نگار ہیں، وہ مختلف ٹی وی چینلز کے ٹی وی پروگرامز میں مزاحیہ سیگمنٹ کرتے نظر آتے ہیں۔
حال ہی میں علی ظفر نے سما ٹی وی کے عید شو میں شرکت کی تھی جہاں انہوں نے دعویٰ کیا کہ جب وہ کامیڈی پروگرام کپل شرما شو میں شرکت کرنے کے لیے گئے تو کپل شرما نے انہیں بیک سٹیج میں بتایا کہ انہوں نے کامیڈی نسیم وکی سے سیکھی تھی۔
تاہم علی ظفر نے اس ملاقات کے حوالے سے مزید تفصیلات نہیں بتائیں خیال رہے کہ اس سے قبل نسیم وکی نے ایک پوڈ کاسٹ میں شرکت کی تھی جہاں انہوں نے کپل شرما سے اپنی پہلی ملاقات سمیت ان کے شو اور اس میں کام کرنے والے اداکاروں کو سراہا تھا۔
انہوں نے بتایا کہ کپل میرا چھوٹا بھائی ہے، جب وہ میرے پاس آیا تو اس نے مجھے کھانے کی دعوت دی، اس ملاقات میں کپل نے کہا تھا کہ میں آپ کے درشن کرنے آیا ہوں۔
ایک سوال کے جواب میں سٹیج اداکار نسیم وکی کا کہنا تھا کہ فنکار کبھی مکمل نہیں ہوتا ہے بلکہ اس کے سیکھنے کا عمل ساری زندگی جاری رہتا ہے، مجھے بھارت میں کام کے دوران بہت کچھ سیکھنے کو ملا، بدقسمتی سے پاکستان کی شوبز انڈسٹری اس لیول پر نہیں ہے، جہاں اس کو ہونا چاہئے تھا، ہم جب بھی کبھی دوسرے ملک منتقل ہوتے ہیں تو وہاں کی ثقافت، روایات ہمیں بہت کچھ سیکھاتی ہے، لوگ بہت پیار کرتے ہیں۔
نسیم وکی کا کہنا تھا کہ بھارتی انڈسٹری پاکستان سے بہت آگے ہے، ہمارے ملک میں 100 ہیرو، ہیروئنز نہیں ہیں، نہ ہی اتنے ڈائریکٹرز ہیں، نہ ہی ہمارے ملک میں اتنی فلمیں بنتی ہیں کہ ان کی پروموشن کے لیے اداکار شو میں آئیں، کامیڈین نے کہا کہ کپل بہت باصلاحیت اور ذہین ہے اور بھارتی مواد ہم سے کہیں زیادہ بہترین ہے۔
