کچے کے ڈاکو ’’سی پیک‘‘ میں رکاوٹ کیوں بننے لگے؟

سی پیک کے تحت کراچی سے اسلام آباد کیلئے سفر کو کم کرنے کیلئے بنائی گئی سکھر ملتان موٹر وے کچے کے ڈاکوئوں کے خوف سے بند رہنے لگی ہے، اسی ڈاکو راج کی وجہ سے ایک ہفتہ تک گھوٹکی سے اقبال آباد سیکشن بند رکھا گیا۔ملتان سے سکھر تک موٹر وے بننے سے سندھ اور پنجاب کے عوام کا سفری فاصلہ کئی گھنٹے کم ہوگیا ہے لیکن اس سڑک پر حکام کی توجہ نہ ہونے اور اس سیکشن کا بڑا حشہ کچے کے علاقے پر مشتمل ہونے کی وجہ سے جرائم پیشہ افراد کا سکہ حکومتی رٹ سے زیادہ لگا ہے اور خاص طور پر جب سے کچے کے علاقے میں ڈاکوئوں کے خلاف آپریشن شروع کیا گیا، ڈاکوئوں نے بھی اس علاقے کو ٹارگٹ کرلیا ہے اور یہاں سفر رات کے اوقات میں خطرناک ہوگیا ہے جس کی وجہ سے سردیوں میں زیادہ عرصے تک یہ سیکشن بند کر دیا جاتا رہا ہے۔ صرف دھند جیسے موسم ہی میں نہیں، بلکہ موسم بہتر ہونے کے باوجود یہ سڑک رات کے اوقات میں محفوظ تصور نہیں کی جاتی رہی۔مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ درحقیقت حکومت اپنی ذمہ داری پوری طرح سے ادا نہیں کرتی۔ کچے کے علاقے میں ڈاکوئوں کے خلاف آپریشن کے ساتھ ساتھ سی پیک روڈ پر وارداتیں کرنے والوں کے لئے بھی متبادل اور جڑواں آپریشن کی ضرورت ہے۔ این ایچ اے کے حکام کی آنکھوں کے سامنے لوگ تو اس ٹوٹی ہوئی آہنی جال میں سے شاہراہ پر آتے ہیں اور اسی جگہ سے ٹرانسپورٹ استعمال کرتے ہوئے آتے جاتے ہیں لیکن انہیں کوئی روکتا ہی نہیں۔ظاہرپیر سے ایک سینئر صحافی نے ’’اُمت‘‘ کو بتایا کہ کچے کے علاقے کا معاملہ ایک طرف رکھ دیں، صرف ظاہر پیر انٹرچینج سے ملحقہ این ایچ اے کے دفاتر سے تقریباً متصل حفاظتی جنگلے کی بات کریں تو کیا یہ کسی کو نظر نہیں آتا؟ درحقیقت کوئی بھی اپنی ڈیوٹی کرنا ہی نہیں چاہتا۔ ہفتے کو نمائندہ ’’اُمت‘‘ نے مغرب کے وقت ایک موٹر سائیکل سوار کو ظاہر پیر انٹرچینج سے ایک فرلانگ کے فاصلے پر ٹوٹی ہوئی اسی آہنی جال میں سے گزرتے دیکھا۔ اس وقت انٹرچینج سے اترکر ظاہر پیر شہر کی طرف آنے والی سڑک رواں تھی اور پولیس کی دو گاڑیاں بھی گزریں، لیکن کسی نے اس غیر قانونی اور خطرناک عمل کا نوٹس نہ لیا۔سڑک کی بندش اور خاص طور پر شام کو چھ سے صبح چھ بجے تک ٹریفک کے لئے بند رکھنے کے جواز کی وضاحت کرتے ہوئے موٹر وے پولیس ملتان کا کہنا ہے کہ ہفتہ کو یہ سڑک مکمل وقت کے لئے کھول دی گئی تھی۔موٹر وے پولیس کے مطابق کچے کے علاقوں میں ڈاکوئوں کے خلاف آپریشن اور اس کے ردعمل میں ڈاکوئوں کے سڑک پر رات کو قبضہ کرنے کا تاثر درست نہیں، ایسا لوگ صرف اپنے خوف کی وجہ سے بیان کرتے ہیں۔درحقیقت سڑک کی مرمت رات کے اوقات میں آسان ہوتی ہے کیونکہ رات کو ٹریفک کا رش کم ہوتا ہے جہاں تک جال توڑنے کا معاملے ہے تو موٹر وے پولیس متعدد لوگوں کو گرفتار کرکے مقامی تھانوں کے حوالے کرچکی ہے۔ موٹر وے پولیس کے ساتھ مقامی لوگوں کو بھی اپنی ذمہ داری کا احساس کرنا چاہیے۔
