کیا آن لائن ٹیکسی فراڈ سے بچنا ممکن ہے؟

آن لائن ٹیکسی سروس جہاں لوگوں کیلئے سہولت کا باعث بن رہی ہے وہیں خواتین کے لیے ہراسانی کے مسائل بھی پیدا ہو رہے ہیں جس سے بچائو کیلئے اسلام آباد پولیس کی جانب سے حال ہی میں ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر متعارف کروائی گئی ہے جس میں خواتین کو ہراسانی سے بچائو کی آگاہی دی گئی ہے، اس حوالے سے اسلام آباد پولیس نے ایک آگاہی ویڈیو جاری کی ہے جس میں دکھایا گیا کہ آن لائن ٹیکسی سروس والے کس طرح فراڈ کرتے ہیں اور ان سے کیسے بچا جا سکتا ہے؟جاری کردہ ویڈیو میں دکھایا گیا کہ کس طرح ایک لڑکی آن لائن ٹیکسی بُک کرواتی ہے اور ڈرائیور رائیڈ کینسل کرنے کے عوض کم پیسوں میں منزل پر پہنچانے کا کہتا ہے، ممکنہ خطرے کے پیشِ نظر لڑکی رائیڈ کینسل کر دیتی ہے اور ڈرائیور کو دھمکی دیتی ہے کہ میں آپ کی ’پکار 15‘ پر شکایت کرتی ہوں، ویڈیو میں اسلام آباد پولیس نے پیغام دیا ہے کہ ’احتیاط پچھتاوے سے بہتر ہے۔اس حوالے سے ’ایکس‘ پر صارفین کی جانب سے مختلف تبصرے کیے گئے، کسی نے اس آگاہی مہم کو اچھا اقدام قرار دیا تو کسی نے مزید ویڈیو بہتر بنانے کے مزید مشورے دے ڈالے، ایک صارف نے کہا کہ اسلام آباد پولیس کا عوام کی آگاہی کے لیے اچھا قدم ہے لیکن شہر میں بڑھتی ہوئی جرائم کی شرح پر بھی خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے۔محمد علی لکھتے ہیں کہ اسلام آباد پولیس اپنے پیغام کے ساتھ یہ بھی شامل کرے کہ رائیڈ کینسل کرنے کے اصرار، ایک صارف نے اسلام آباد پولیس کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے لکھا کہ آپ اپنا کام درست طریقے سے کریں تو ایسی وارداتیں اور فراڈ بھی نہیں ہوں گے۔ حسن شبیر نے لکھا کہ یہ بہت افسوسناک ہے کہ ہم آئے روز دھوکا دہی کی نِت نئی کہانیاں اور واقعات سنتے ہیں۔رائڈ جاری ہونے کے دوران کبھی بھی رائیڈ منسوخ کر کے کیپٹن یا ڈرائیور کے مشورے پر آف لائن رائیڈ قبول نہ کریں (جیسا کہ ویڈیو میں دکھایا گیا ہے)، کسی بھی تنازع کی صورت میں کیپٹن کے ساتھ جھگڑے سے گریز کریں، ایپس میں طے شدہ کرایہ سے زیادہ اضافی ادائیگی کے مطالبات کو کبھی تسلیم نہ کریں۔ ہمیشہ اپنے سفر کی تفصیلات (گوگل لوکیشن) کو اپنے پیاروں کے ساتھ شیئر کریں، انہیں آپ کے مقام اور شیڈول کا علم ہونا چاہئے۔کبھی کپتان (رائیڈر) پر اپنی نجی معلومات ظاہر نہ کریں، جیسے آپ کا دفتر، پیشہ، پتہ، یا خاندانی تفصیلات۔ غیر ضروری گفتگو کو کم سے کم کرنے کی کوشش کریں اور ضرورت پڑنے پر محض غلط معلومات فراہم کریں۔خواتین مسافر سواری شروع کرنے سے پہلے گاڑی کے نمبر کے ساتھ ڈرائیور کی تصویر لیں۔ اس تصویر کو اپنے دوستوں اور فیملی گروپس کے ساتھ شیئر کریں۔ خواتین مسافر اپنی رازداری کی حفاظت کے لیے رائیڈ بک کرانے کے لیے کبھی بھی اپنے ذاتی فون نمبر کا استعمال نہ کریں، اگر کار یا ڈرائیور آپ کی ایپ میں فراہم کردہ معلومات سے مختلف ہے تو کبھی بھی سواری کے ساتھ آگے نہ بڑھیں اور اس کی اطلاع فوری طور پر متعلقہ کمپنیوں کو دیں، پک اپ اور ڈراپ آف کے مقامات کو ہمیشہ درست طریقے سے نشان زد کریں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ ڈرائیور ان کی پیروی کرے۔ رائیڈ پولنگ پر کبھی اتفاق نہ کریں، اور اجنبیوں کو سواری میں شامل ہونے کی اجازت نہ دیں، چاہے خالی سیٹیں ہی کیوں نہ ہوں۔ اور اگر ڈرائیور اصرار کرے تو اس کی رپورٹ کریں۔
