کیا سابق کپتان وسیم اکرم ’’ریپ سنگر‘‘ بننے والے ہیں؟

اپنی برق رفتار گیندوں سے مخالف بلے بازوں کے ہوش اڑانے والے سابق فاسٹ بائولر وسیم اکرم کا گلوکاری کی جانب رجحان بڑھنے لگا ہے، سابق کپتان کی کرکٹ سے متعلق شو میں ’’ریپ گلوکاری‘‘ نے سب کی توجہ اپنی طرف کھینج لی ہے۔وسیم اکرم کی حالیہ وائرل ہونے والی ویڈیو کو دیکھ کر لگتا ہے کہ اب ان کا رجحان گلوگاری کی طرف بڑھتا جا رہا ہے اور جلد ہی وہ پاکستان کے نئے ’’ریپ سنگر‘‘ بن جائیں گے۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر سابق کپتان کی ایک ویڈیو کلپ اس وقت وائرل ہے جس میں وہ نجی ٹی وی اے آر وائی کے ورلڈ کپ کے حوالے سے نشر ہونے والے شو میں ’’ریپ سونگ‘‘ گاتے ہوئے دیکھے جا سکتے ہیں۔وائرل کلپ میں دیکھا جا سکتا ہے کہ پروگرام کے دوران سوشل میڈیا پر ایک صارف نے تبصرہ کرتے ہوئے میزبان فخر عالم کی تعریف کی اور کہا کہ وہ ایک بہت اچھے میزبان ہونے کے ساتھ ایک اچھے ’’ریپ سنگر‘‘ بھی ہیں اور ان کو ان کا مشہور ریپ گانا ’’آؤ جی آؤ بھنگڑا پاؤ‘‘ بہت پسند ہے۔ صارف نے فرمائش کرتے ہوئے فخر عالم سے کہا کہ وہ وسیم اکرم کی شاعری پر کچھ ‘ریپ’ گائیں۔صارف کی فرمائش پر فخر عالم نے مزاحیہ انداز میں کہا کہ وسیم اکرم کی شاعری بہت اعلیٰ قسم کی ہے اس پر ’’ریپ‘‘ نہیں ہو سکتا، میں اس شاعری کے ساتھ کوئی رسک نہیں لے سکتا۔میزبان فخر عالم اور سابق کپتان وسیم اکرم کی اس نوک جھونک کے دوران وسیم اکرم کا کہنا تھا کہ ‘آج کل ہر کوئی ریپ ہی گا رہا ہے جس کے بعد وسیم اکرم نے ایک ‘ریپ گانا’ گا کر آج کل کے گانوں پر طنز کرتے ہوئے ماحول خوشگوار بنا ڈالا۔ریپ سونگ گانے کے بعد سابق کپتان کا کہنا تھا کہ آج کل گانوں میں تو بس یہی ہوتا ہے اور یہ گانا کوئی مشکل کام نہیں ہے، ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تو صارفین کا کہنا تھا کہ اگر وسیم اکرم ’’ریپ‘‘ گانے گانا شروع کر دیں تو یقینا ان کا مستقبل کافی روشن ہوگا، جبکہ کچھ صارفین کا کہنا تھا کہ اس دور کے سب سے اچھے ریپ سنگر ہونے کا ایوارڈ تو وسیم اکرم کو ملنا چاہئے۔
