منیب بٹ نے ’’محبت ایک سزا‘‘ میں اداکاری کیلئے کونسی فلم دیکھی؟

معروف ٹی وی سٹار منیب بٹ نے انکشاف کیا ہے کہ انھوں نے ڈرامہ سیریل ’’محبت ایک سزا‘‘ میں اداکاری سے قبل ہدایتکار کی ہدایت پر ہالی ووڈ رومانوی فلم ’’ففٹی شیڈز آف گرے‘‘ دیکھی۔منیب بٹ کا شمار منجھے ہوئے اداکاروں میں ہوتا ہے اور ان کی اداکاری کو بھی سراہا جاتا رہا ہے، عام طور پر انہیں منفی اور پرتشدد رویوں پر مبنی کرداروں میں پسند کیا جاتا ہے، حال ہی میں ایک پوڈ کاسٹ میں انہوں نے بتایا کہ عام طور پر انہیں اپنی اصلی عمر سے کم عمر کرداروں کی پیش کش ہوتی ہے، تاہم جلد ہی آنے والے ڈرامے میں وہ خود سے زائد العمر شخص کے روپ میں دکھائی دیں گے۔ان کے مطابق اب تک انہوں نے خود سے کم عمر کرداروں میں کام کیا ہے، تاہم متعدد کردار ایسے بھی تھے، جن میں انہوں نے اپنی عمر کے حساب سے کردار کیے تاہم جلد ہی ریلیز ہونے والے ڈرامے ’محبت ایک سزا‘ میں وہ ادھیڑ عمر ہیرو کے روپ میں دکھائی دیں گے جو کہ ان کی اصلی عمر سے پانچ سال بڑے ہوں گے۔اداکار نے بتایا کہ ہدایت کار نے انہیں کہا کہ کردار میں وہ بڑی عمر کے لگنے چاہئے لیکن بظاہر وہ کم عمر ہیں، اس لیے انہیں ادھیڑ عمر نظر آنے کے لیے مختلف مشقیں کرنے کا کہا گیا، اداکار کے مطابق جب انہوں نے فلم دیکھ کر پوری کی تو انہوں نے ہدایت کار کو فون کیا اور پوچھا کہ انہیں بھی ہالی ووڈ فلم کے ہیرو کی طرح کام کرنے ہیں؟ منیب بٹ نے بتایا کہ ہدایت کار نے انہیں بتایا کہ انہیں ’ففٹی شیڈز آف گرے‘ کے ہیرو کی طرح کام نہیں کرنے بلکہ ان کی طرح اداکاری کرنی ہے، ہالی ووڈ فلم میں ہیرو نے منجھی ہوئی اداکاری کی ہے، وہ خود سے زائد العمر لگتے ہیں۔خیال رہے کہ ’ففٹی شیڈز آف گرے‘ کو 2015 میں ریلیز کیا گیا تھا، فلم کی کہانی اسی نام سے شائع ہونے والے ناول سے ماخوذ ہے، فلم میں جیمی ڈورنن نے ’گرے‘ نامی پرتشدد مزاج ہیرو جبکہ ڈکوتا جونسن نے ہیروئن کا کردار ادا کیا، فلم کی کہانی پرتشدد مزاج کے ارب پتی خوبرو نوجوان اور ان کا انٹرویو کرنے کے لیے آنے والی خوبصورت خاتون صحافی کے درمیان ہونے والی محبت اور پھر اس محبت میں تشدد کے گرد گھومتی ہے، پہلی فلم کی کامیابی کے بعد سیریز کی دوسری فلم ’ففٹی شیڈز آف ڈارکر‘ کو 2017 جبکہ تیسری فلم ’ففٹی شیڈز آف فریڈ‘ کو 2018 میں ریلیز کیا گیا اور تینوں فلموں میں ہیرو اور ہیروئن کے کردار اداکاروں نے ہی ادا کیے اور ان کی کہانی کو ہی آگے بڑھایا گیا۔

Back to top button