کیا سرفراز احمد نے پاکستان کو ہمیشہ کیلئے الوداع کہہ دیا؟

پاکستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سرفراز احمد کی ملکی حالات سے دلبرداشتہ ہو کر ہمیشہ کیلئے پاکستان چھوڑ کر بیرون ملک منتقل ہونے کی افواہیں گردش کرنے لگی ہیں، سابق کرکٹر اپنی فیملی کے ساتھ برطانیہ منتقل ہو گئے ہیں جبکہ فیملی ذرائع کے مطابق سرفراز نجی پروگرام میں شرکت کے لیے لندن گئے ہیں جہاں سے جلد وطن واپس آ جائیں گے۔اطلاعات ہیں کہ سرفراز احمد نے مستقبل سے مایوس اور دلبرداشتہ ہو کر پاکستان چھوڑ دیا ہے اور وہ اپنی اہلیہ، دونوں بچوں کے ساتھ برطانیہ کے دارالحکومت لندن منتقل ہو گئے ہیں، ذرائع کے مطابق سرفراز احمد قومی کرکٹ سے تعلق برقرار رکھنے کے خواہاں ہیں اور وہ پی ایس ایل سیزن 9 کے میچز میں شرکت کیلئے پاکستان آئیں گے اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی نمائندگی کریں گے۔واضح رہے کہ سرفراز احمد کی قیادت میں قومی ٹیم نے چیمپئنز ٹرافی کی ٹرافی اٹھائی تھی جبکہ انڈر 19 میں بھی سرفراز کی قیادت میں ٹیم 2006 میں فاتح بنی، سرفراز احمد 2007ء سے 2023ء تک پاکستان کیلئے 54 ٹیسٹ، 117 ون ڈے اور 61 ٹی ٹونٹی میچز کھیل چکے ہیں۔خیال رہے کہ انہوں نے آخری مرتبہ گزشتہ سال دسمبر میں پرتھ ٹیسٹ میں پاکستان کی نمائندگی کی تھی، 36 سالہ سرفراز احمد نے وکٹ کیپر اور بلے باز کی حیثیت سے پاکستان کے لیے گراں قدر خدمات انجام دیں اور اُن کی قیادت میں پاکستان نے دو عالمی مقابلوں کی ٹرافیاں بھی اٹھائیں، سرفراز احمد کی قیادت میں قومی ٹیم نے چیمپئنز ٹرافی 2017ء میں کامیابی سمیٹی تھی، جبکہ انڈر 19 کرکٹ میں بھی سرفراز احمد کی قیادت میں پاکستانی ٹیم 2006ء میں بھارت کیخلاف فائنل میں فاتح بنی تھی، سرفراز احمد کی جانب سے ایسا کوئی بیان نہیں دیا گیا، صرف سوشل میڈیا پر ایسی افواہیں پھیلائی جا رہی ہیں۔
