گریٹر اقبال واقعہ میں گرفتار افراد کی تعداد 132 ہوگئی

یوم آزادی کے موقع پر گریٹر اقبال پارک میں خاتون کو ہراساں کیے جانے کے کیس میں گرفتار افراد کی تعداد 132 ہوگئی۔پولیس کے مطابق کیس میں مزید دو افراد کو گرفتار کیا گیا ہے اور گرفتار افراد میں سے 92 افراد کو شناخت پریڈ کے لیے جیل بھجوایا جا چکا جبکہ 14 کو جوڈیشل ریمانڈ پر بھجوایا گیا ہے۔
دوسری جانب آئی جی پنجاب انعام غنی نے لاہور پولیس کو باقی ملزمان کی جلد از جلد گرفتاری یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔جشن آزادی کے روز لوگوں کی بڑی تعداد گریٹر اقبال پارک (مینار پاکستان) میں جمع تھی، ایسے میں ٹک ٹاکر خاتون عائشہ اپنے دو ساتھیوں عامر سہیل اور صدام حسین کے ساتھ وہاں پہنچیں اور ویڈیوز بنانا شروع کردیں۔
اچانک منچلوں کے ایک گروہ نے خاتون پر ہلہ بول دیا، کپڑے پھاڑے اور انہیں ہوا میں اچھالتے رہے، خاتون دہائی دیتی رہی جو کسی نے نہ سنی، خاتون نے بڑی مشکل سے جان چھڑائی۔
ویڈیو وائرل ہونے کے بعد تھانہ لاری اڈا پولیس نے خاتون سے دست درازی اور بے لباس کرنے کے الزام میں 400 سے زائد افراد کے خلاف مقدمہ درج کیا ہے اور متعدد افراد کو گرفتار بھی کیا گیا ہے۔
