گریٹر اقبال پارک بدسلوکی کیس میں مزید 36 ملزم گرفتار

سٹی پولئس نے مینار پاکستان پر ٹک ٹاکر کے ساتھ بدسلوکی کے کیسز میں مزید 36 ملزمان کو گرفتار کرلیا جبکہ جنسی استحصال کی ایک اور ویڈیو کلپ سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔ ویڈیو کلپ میں دیکھا گیا کہ ایک بے بس اور خوفزدہ خاتون خوفناک صورتحال میں گھری ہوئی ہے اور کچھ لڑکوں نے اس کے کپڑے پھاڑ دیے۔
اس سے متعلق پیش رفت میں انسپکٹر جنرل آف پولیس نے اس میں کیس میں غفلت برتنے پر معطل کیے جانے والے ایس ایس پی آپریشنز لاہور، ایس پی سٹی ڈویژن کے علاوہ دیگر 2 پولیس افسران کا تقرر کردیا۔
اس ضمن میں جاری نوٹیفکیشن کے مطابق لاہور ایڈمن ایس ایس پی شعیب انور کا تبادلہ کر کے ایس ایس پی آپریشنز تعینات کردیا گیا جبکہ جڑانوالہ ڈویژن کے ایس پی رضوان طارق کو سٹی پولیس ڈویژن ایس پی تعینات کردیا گیا۔آئی جی پولیس نے تصدیق کی کہ ہفتہ کے روز مزید 36 افراد کو گرفتار کیا گیا جس کے بعد ٹک ٹاکر سے بدسلوکی کیس میں اب تک گرفتار ملزمان کی تعداد 66 ہوگئی ہے۔زیادہ تر گرفتاریاں مینار پاکستان کی اطراف سے عمل میں آئیں جہاں بڑی تعداد میں لوگوں نے جشن آزادمی میں شرکت کی تھی۔
ان افراد کو نادرا سے جاری رپورٹس کی بنیاد پر گرفتار کیا گیا۔ایک بیان میں آئی جی پولیس نے بتایا کہ شہر میں 27 مقامات پر چھاپوں کے لیے پولیس ٹیمز تشکیل دی گئیں۔سی سی پی او غلام محمود ڈوگر کا کہنا تھا کہ پولیس نے 28 ہزار افراد کی جیو فینسنگ کی اور تفتیش کے لیے 350 ملزمان کو شارٹ لسٹ کیا۔
