گلوکارہ گل پانڑا سرکاری عمارت میں ڈانس کی ویڈیو بنانے پر مشکل میں پھنس گئی

معروف پشتو گلوکارہ گل پانڑا سرکاری عمارت میں ٹک ٹاک ویڈیو بنانے پر مشکل میں پھنس گئیں۔تفصیلات کے مطابق پشتو زبان میں گانا گانے والی معروف گلوکارہ گل پانڑا کی سرکاری عمارت میں بنائی گئی ویڈیو وائرل ہونے پر وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے نوٹس لیتے ہوئے تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔گل پانڑا نے سابقہ قبائلی علاقہ ضلع خیبر کا دورہ کر کے ڈپٹی کمشنر لنڈی کوتل کے بنگلے میں تصاویر اور لان میں ڈانس کرتے ہوئے ٹک ٹاک ویڈیو بنائی تھی۔
ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی جس کے بعد حکام کی جانب سے نوٹس لیا گیا۔وزیر اعلی خیبر پختونخوا محمود خان نے سرکاری عمارت میں ویڈیو بنانے کا نوٹس لیتے ہوئے 24 گھنٹے میں رپورٹ طلب کرلی ہے۔وزیراعلی محمود خان نے گل پانڑا کو سرکاری عمارت میں داخلے کی اجازت دینے والوں کے خلاف کارروائی کا حکم دیا ہے۔اس حوالے سے تحقیقات کی تحقیقاتی رپورٹ آج وزیر اعلیٰ کو پیش کی جائے گی۔
واضح رہے کہ کچھ روز قبل پاکستان تحریک انصاف کی رکن سندھ اسمبلی دُعا بھٹو کی بہن کی سندھ اسمبلی میں ٹک ٹاک ویڈیو منظر عام پرآئی تھی جس کے بعد سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے انہیں تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔ اقراء بھٹو نے ناصرف ٹک ٹاک بنائی بلکہ اسے اپلوڈ بھی کیا جو دیکھتے ہی دیکھتے سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔ تا ہم اس ویڈیو کے منظر عام پر آنے کے بعد دُعا بھٹو نے بھی ویڈیو پیغام میں معافی مانگ لی۔
پشتو ٹک ٹاک سنگر @IamGulPanra گل پانڑا ڈپٹی کمشنر ہاؤس ضلع خیبر (بقول ایک مقامی سیاستدان) ان کے ساتھ فیملی وزٹ پر گئی تھی یا ضلعی انتظامیہ نے انہیں دعوت و پروٹوکول دیا تھا، آج خیبر نیوز پر پروگرام کراس ٹاک میں 10 بجے ڈسکس کریں گے۔۔ pic.twitter.com/ykcKxz5A5c
— Syed Wiqas Shah ترمذی (@SyedWiqasAhmad1) July 20, 2020
رہنما تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ بہن نے ویڈیو ہال میں نہیں لابی میں بنائی تھی، بہن کو سندھ اسمبلی کی کرسی پر بیٹھ کر ویڈیو نہیں بنانی چاہئے تھی، میں معذرت خواہ ہوں کہ انجانے میں میری بہن نےسندھ اسمبلی کی لابی میں موجود کرسی پر بیٹھ کر ویڈیو بنالی جبکہ میں اجلاس میں شریک تھی، تا ہم انہوں نے بتایا کہ اقراء بھٹو نے اب وہ ویڈیو ڈیلیٹ بھی کر دی ہے۔
تاہم اتنی دیر میں ویڈیو وائرل ہو گئی جس کے بعد رہنما پاکستان پیپلز پارٹی شرمیلہ فاروقی نے بھی تنقید کرتے ہوئے ٹویٹر پوسٹ شیئر کر دی۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ غیر ذمہ دارانہ رویہ ہے، دُعا بھٹو نے اپنی بہن کو اسمبلی حال میں بلا کر ویڈیو بنانے کی اجازت دے دی، آج کل کے مشکل وقت میں صرف 25 فیصد لوگوں کو اسمبلی میں آنے کی اجازت ہے، میں حیران ہوں کہ یہ کس طرح اپنی بہن کو اندر تک لے آئیں۔
