گلگت بلتستان کے ساتھ وفاق میں بھی حکومت بنائیں گے

چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ گلگت بلتستان کے ساتھ وفاق میں بھی حکومت بنائیں گے۔
نگر میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ سلیکٹڈ حکومت کو دو سال ہوگئے لیکن گلگت کو ایک منصوبہ نہیں دیا، اب جب الیکشن قریب ہیں تو آ کر کہتے ہیں سوچ رہے ہیں عبوری صوبہ دے دیں، صوبہ بننے سے پہلے اگر یہ آپ کا کوٹہ اور سبسڈی چھیننے کی کوشش کرتے ہیں، تو سوچیں صوبہ بننے کے بعد یہ کیا کریں گے۔ بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت کے خلاف ہر طبقہ احتجاج کررہا ہے، یہاں بھی کٹھ پتلی حکومت بنتی ہے تو نوجوانوں کے ساتھ یہ کیا کیا نہیں کریں گے، وفاقی حکومت سے پوچھتے رہیں گے یہاں کے نوجوانوں کیلئے روزگارکیوں نہیں ہے؟، ہم نے گلگت بلتستان کے عوام کو تبدیلی کے نام پر تباہی سے بچانا ہے، ہم ناصرف گلگت بلتستان میں حکومت بنا رہے ہیں بلکہ وفاق میں بھی حکومت بنائیں گے۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ہم حکومت دینے والے ہیں، چھیننے والے نہیں ہیں، گلگت بلتستان کے عوام کو قومی اسمبلی اور سینیٹ میں نمائندگی چاہیے، گلگت صوبہ ہمارے منشور کا حصہ ہے، پیپلزپارٹی یہاں کے عوام کو اپنی زمین کا مالک بنا کر رہے گی، مولانا فضل الرحمان میرے ساتھ ہیں عجیب بات ہے یہاں ان کے لوگ عمران خان کا ساتھ دے رہے ہیں۔
