گیلانی کی نااہلی پرفیصلہ 9مارچ کو ہو گا

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی طرف سے احتجاج کے بعد پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے ٹکٹ پر منتخب ہونے والے سیّد یوسف رضا گیلانی کیخلاف درخواست کی سماعت9مارچ منگل کے روز ہو گی۔
الیکشن کمیشن (ای سی پی) نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی سابق وزیراعظم اورپاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ کے ٹکٹ پر منتخب ہونے والے سینیٹر یوسف رضا گیلانی کے خلاف سماعت جلدی کرنے کی درخواست قبول کر لی ہے ۔
سینیٹ الیکشن سے چند روز قبل علی حیدر گیلانی ویڈیو سکینڈل اور یوسف رضا گیلانی کا بطور سینیٹر نوٹیفکیشن رکوانے کے لیے پاکستان تحریک انصاف نے الیکشن کمیشن میں درخواست دائر کی تھی۔ درخواست میں جلد سماعت کی استدعا کی گئی تھی۔ پہلے یہ سماعت گیارہ مارچ کو ہونا تھی تاہم تحریک انصاف کے ایم این ایز کنول شوذب اور فرخ حبیب کی طرف سے احتجاج کے بعد الیکشن کمیشن نے فیصلہ کیا ہے کہ درخواست پر کل سماعت ہو گی۔
اس سے قبل پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے ایم این ایز فرخ حبیب، کنول شوذب اور ملیکہ بخاری نے احتجاج کرتے ہوئے کہا تھا کہ ڈسکہ الیکشن کے معاملے پر سماعت ایک روز میں ہو سکتی ہے تو یوسف رضا گیلانی کے بیٹے علی حیدر گیلانی کی ویڈیو سکینڈل سے متعلق سماعت فوری کیوں نہیں ہو سکتی۔ پی ٹی آئی رہنما فرخ حبیب کا کہنا تھا کہ علی حیدر گیلانی کی انکشافات سے بھرپور ویڈیو سامنے آئی۔ گیلانی کے صاحبزادے ووٹ ضائع کرنے کے طریقے بتا رہے ہیں۔ مریم نواز کہہ رہی ہیں کہ ٹکٹ کا وعدہ کیا جو لالچ دینا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ دو مارچ کو ویڈیو آئی آج سات دن گزر چکے ہیں۔ یوسف رضا گیلانی ووٹ خرید کر سینیٹر منتخب ہوئے ہیں۔الیکشن کمیشن سے استدعا ہے کہ یہ سب سے اہم معاملہ ہے۔ الیکشن کمیشن 11 مارچ کا انتظار نہ کرے فوری سماعت کرے۔ ووٹ خریدنے والے کو چیئرمین سینیٹ کا الیکشن لڑنے کی اجازت کیسے مل سکتی ہے؟
پی ٹی آئی اراکین کی جانب سے دائر کردہ درخواست میں کہا تھا کہ ویڈیو اسکینڈل پر کارروائی کے مکمل ہونے تک یوسف رضا گیلانی کی کامیابی کے نوٹیفکیشن کے اجرا کو روکنا چاہیے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button