آبنائے ہرمز میں تیل بردار ٹینکر پر ڈرون حملہ

 

 

 

برطانیہ کی میری ٹائم ٹریڈ آپریشنز ایجنسی کے مطابق ایک روز قبل آبنائے ہرمز سے گزرنے والے ایک تیل بردار ٹینکر کو ڈرون حملے کا نشانہ بنایاگیا،جس کے نتیجے میں جہاز کو معمولی نقصان پہنچا،تاہم کسی شخص کے زخمی یا ہلاک ہونے کی اطلاع نہیں ہے۔

خبر رساں ادارے کےمطابق برطانوی میری ٹائم ایجنسی نے بتایاکہ اسے فوجی حکام کی جانب سے اطلاع موصول ہوئی کہ آبنائے ہرمز سے باہر کی جانب سفر کرنے والے ایک ٹینکر کو ڈرون کے ذریعے نشانہ بنایا گیا۔

ایجنسی کے مطابق حملے کے نتیجے میں ٹینکر کو معمولی نقصان پہنچا،تاہم جہاز پر موجود تمام عملہ محفوظ ہے اور ان کی موجودگی کی تصدیق کرلی گئی ہے۔

برطانوی میری ٹائم ایجنسی نے مزید بتایاکہ واقعے کے نتیجے میں سمندر یا ماحول پر کسی قسم کے منفی اثرات کی اطلاع نہیں ملی،یعنی حملے کے باوجود ٹینکر سے تیل یا کسی دوسرے مواد کے اخراج کی اطلاع سامنے نہیں آئی۔

یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب ٹینکر آبنائے ہرمز سے باہر نکلنے کےلیے سفر کررہا تھا۔آبنائے ہرمز دنیا کی اہم ترین تجارتی اور توانائی کی گزرگاہوں میں شمار ہوتی ہے،جہاں سے روزانہ بڑی تعداد میں تجارتی اور تیل بردار جہاز گزرتے ہیں۔

آبنائے ہرمز بند، تمام نقل و حرکت پر مکمل کنٹرول ہے: ایرانی کمانڈر

آبنائے ہرمز میں حالیہ دنوں میں بحری جہازوں سے متعلق متعدد واقعات سامنے آئے ہیں، جس کے باعث عالمی سطح پر اس اہم سمندری راستے کی سکیورٹی کےحوالے سے تشویش میں اضافہ ہوا ہے۔

ابھی تک حملے کی ذمہ داری کسی فریق کی جانب سےقبول کیےجانے کی اطلاع نہیں ہے۔واقعے کی مزید تفصیلات اور حملے میں استعمال ہونےوالے ڈرون کی نوعیت کے بارے میں بھی فوری طور پر معلومات سامنے نہیں آئیں۔

Back to top button