11 مئی سے شدید ’ہیٹ ویو‘ کی وارننگ جاری

11 مئی سے تقریباً ایک ہفتے کے لیے شدید گرمی کا الرٹ جاری کر دیا گیا ہے، محکمہ موسمیات کے مطابق شدید ہیٹ ویو پورے صوبے بشمول کراچی کو 11 مئی سے تقریباً ایک ہفتے کے لیے اپنی لپیٹ میں لے سکتی ہے۔ کراچی کا درجہ حرارت 40 ڈگری سینٹی گریڈ سے زیادہ ہوسکتا ہے، ابھی یہ ہیٹ ویو مرکزی اور بالائی سندھ پر موجود ہے۔
محکمہ موسمیات کی ہیٹ ویو ایڈوائزری میں بتایا گیا ہے کہ میٹروپولیٹن شہر کراچی اگلے پورے ہفتے گرم رہے گا، ہیٹ ویو کی یہ لہر 16 مئی تک جاری رہ سکتی ہے۔ کراچی میں 12 سے 14 مئی کے دوران درجہ حرارت 40 ڈگری سینٹی گریڈ یا اس سے بھی زیادہ ہوسکتا ہے۔
درجہ حرارت میں شدت آنے سے پہلے 9 تا 10 مئی کے دوران شہر میں دراجہ حرارت 35 سے 38 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہنے کی توقع ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق شدید ہیٹ ویو صوبوں کے دیگر حصوں میں بھی ہو سکتی ہے، دادو، سکھر، لاڑکانہ، جیکب آباد، شہید بے نظیر آباد (نواب شاہ)، نوشہرو فیروز، خیرپور، شکارپور اور گھوٹکی اضلاع میں درجہ حرارت 46 سے 48 ڈگری سینٹی گریڈ تک بڑھ سکتا ہے۔ اسی عرصے کے دوران جامشورو، حیدر آباد، بدین، ٹھٹہ، میرپور خاص اور عمر کوٹ اضلاع میں درجہ حرارت 45 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ سکتا ہے۔
محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ خشک اور گرم موسم فصلوں، سبزیوں اور باغات کو متاثر اور توانائی کی طلب میں بھی اضافے کا باعث بن سکتا ہے۔
