خبردار!خلاف قانون پوسٹ پرنام ای سی ایل میں ڈالا جا سکتا ہے

ایف آئی اے نے خبردار کیا ہےکہ سوشل میڈیا پر کوئی پوسٹ قابل اعتراض اور باغیانہ نہیں ہونی چاہیے، تارکین وطن قانون کی خلاف ورزی کرتے ہیں تو ان کےنام ای سی ایل پر رکھے جاسکتے ہیں۔
ایف آئی اےکی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہےکہ تارکین وطن پیکا 2016 ایکٹ کا مطالعہ کریں، پاکستان یا دوسرے ملک میں رہنے والے پاکستانیوں کو جعلی خبروں کی بنیاد پر بدنام نہیں کیا جاسکتا، جعلی خبروں کی بنیاد پربدنام کرنےکی کوششیں پاکستانی قوانین کے مطابق جرم ہیں۔ ایف آئی اے نےکہا ہےکہ تارکین وطن قانون کی خلاف ورزی کرتے ہیں تو ان کےنام ای سی ایل پر رکھے جاسکتے ہیں، قانون کے پابند شہریوں کو پریشان ہونےکی ضرورت نہیں، یہ ہدایت صرف قانون توڑنے والوں کے لیے ہے۔
اعلامیے میں کہا گیا ہےکہ سوشل میڈیا پرمبینہ طورپر ریاست مخالف بیانات پر ایک یوٹیوبرکے خلاف انکوائری شروع کردی ہے، یوٹیوبر ریاست مخالف جھوٹی خبریں پھیلانے میں ملوث ہے، اس نے بیرون ملک رہتے ہوئے پاکستان میں ہیجان پیدا کرنےکی کوشش کی، یوٹیوبرکو انٹرپول کے ذریعےریڈ نوٹس جاری کیا جائےگا۔
