عامر لیاقت کی تیسری اہلیہ کو آوارہ ثابت کرنے کی کوشش


رنگیلے رکن قومی اسمبلی عامر لیاقت حسین نے اخلاقی پستی کی اتھاہ گہرائیوں میں گرتے ہوئے اپنی تیسری اہلیہ دانیہ شاہ کی مبینہ آڈیوز سوشل میڈیا پر ریلیز کر کے یہ ثابت کرنے کی کوشش کی ہے کہ ان سے خلع کا دعویٰ دائر کرنے والی خاتون آوارہ ہے اور دھندا کرتی تھی۔ دانیا کی مبینہ ٹیلیفونک گفتگو کی ریکارڈنگ سوشل میڈیا پر ڈالتے ہوئے عامر لیاقت نے لکھا ہے کہ صارفین کو یہ سب سن کر خود سمجھنا ہوگا کہ دانیہ شاہ کس طرح کے کام کرتی تھی۔ تاہم کچھ ہی دیر بعد انہوں نے دانیا کی ٹیلیفونک گفتگو انسٹا گرام سے ڈیلیٹ کردی جو اب دیگر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر وائرل ہو چکی ہے۔ دانیہ کی گفتگو میں گاہکوں کی بکنگ بارے بات چیت سنائی دیتی ہے اور یہ تاثر ملتا ہے کہ وہ اسلام آباد کے کسی گیسٹ ہاؤس میں موجود ہیں۔
اسکے علاوہ عامر لیاقت نے دانیہ شاہ کی ایک ویڈیو بھی انسٹا گرام پر شیئر کی، جس میں وہ بتاتی ہیں کہ ان کے اور عامر کے درمیان طلاق نہیں ہوئی اور ایسی خبریں جھوٹ ہیں، عامر لیاقت نے لکھا کہ ویڈیو دو دن پہلے کی ہے، جسے دانیہ شاہ نے خود بنایا تھا اور اب ان پر بدترین الزامات لگائے جانے کی خبریں سامنے آ رہی ہیں۔ عامر نے لکھا کہ اگر یہ خاتون ابھی میرے نکاح میں نہ ہوتیں اور قرآن کریم نے شوہر اور بیوی کو ایک دوسرے کا لباس نہ کہا ہوتا تو وہ ایسی حقیقت بتاتے کہ پورا ملک ہل جاتا، انہوں نے صحافیوں اور میڈیا سے گزارش کی کہ دانیہ شاہ کی ہشاشیت دیکھ کر وہ خود فیصلہ کریں کہ اگر تین ماہ کسی پر تشدد ہوا ہو تو وہ ایسی لگیں گی؟ عامر نے سب سے اپیل کی کہ انہیں ٹیسٹ کرانے دیں تا کہ پتہ چل جائے کہ وہ شراب پیتے ہیں یا نہیں۔
یاد رہے کہ عامر لیاقت کے خلاف خلع کا دعوی دائر کرتے ہوئے دانیا شاہ نے الزام لگایا تھا کہ وہ آئس کا نشہ کر کے ان پر تشدد کرتے ہیں اور انہیں فحش فلمیں بنوانے پر مجبور کرتے ہیں۔ دوسری جانب عامر نے دعویٰ کیا ہے کہ انہون نے زندگی میں کبھی آئس کا نشہ نہیں کیا۔ انہوں نے دھمکی دی کہ وہ ایسی بھیانک حقیقت بے نقاب کرنے جا رہے ہیں کہ لوگ دنگ رہ جائیں گے، انہوں نے کہا کہ دانیہ کا میڈیکل کرایا جائے اور اسکے رزلٹ کا انتظار کیا جائے۔ شاید یہی وہ لمحہ تھا جب انہوں نے دانیا شاہ کی ٹیلی فونک آڈیوز انسٹاگرام پر اپلوڈ کرنے کا فیصلہ کیا۔ ان آڈیوز میں گاہکوں کے حوالے سے گفتگو ہوتی سنائی دیتی ہے۔
یاد رہے کہ بہاولپور کی ایک عدالت میں تنسیخ نکاح کی درخواست میں دانیا نے شوہر پر سنگین الزامات لگائے تھے، انہون نے دعویٰ کیا تھا کہ عامر لیاقت نے انہیں چار چار دن تک کمرے میں بند کیے رکھا اور تشدد کیا۔ وہ انہیں کھانا تک نہیں دیتے تھے، انہیں ساری رات جگاتے، اور ذلیل و خوار کرتے تھے، انہیں ایسا لگتا تھا کہ وہ اپنے کسی گناہ کی سزا کاٹ رہی ہیں۔
دانیہ نے الزام عائد کیا تھا کہ عامر لیاقت نے ان پر تشدد کیا، ان کا گلا دبایا اور انہیں گولی مارنے کی دھمکی بھی دی جب کہ میڈیا پر ٹرولنگ کا غصہ بھی وہ مجھے مار کر اتارتے تھے، دانیا نے خلع کی درخواست میں دعویٰ کیا کہ عامر لیاقت انہیں بیرون ملک بھیجنے کے لیے فحش ویڈیوز ریکارڈ کروانے کا مطالبہ کرتے تھے، انہیں غیر محرم مردوں کے سامنے آنے پر مجبور کرتے تھے جب کہ وہ آئس کے نشے سمیت دیگر نشے بھی کرتے تھے۔ دانیا نے الزام عائد کیا کہ اپنی فحش ویڈیوز بنوانے سے انکار پر عامر لیاقت نے انہیں پانچ دن تک کمرے میں بند کر دیا تھا۔
دوسری طرف عامر لیاقت نے اپنی ٹویٹس میں لکھا ہے کہ وہ بہت مجبور ہو کر دانیا کے خلاف صرف 50 فیصد مواد جاری کر رہے ہیں، عامر لیاقت کے مطابق دانیا نہ تو سید ہیں اور نہ ہی ان کے والد حقیقی ہیں، انہوں نے لکھا کہ چونکہ خاتون کی عمر بہت کم ہے، اس لیے پہلے دن ہی میں نے اپنا بستر اس سے الگ کر لیا تھا، نہ میں نے شراب پی، نہ ہی تشدد کیا، مگر افسوس کہ خود پر لگے الزامات غلط ثابت کرنے کے لئے بھی لڑنا پڑے گا، انہوں نے لکھا کہ میں نہایت بے بس اور مجبور تھا اور اپنے سینے پر بھاری بوجھ رکھے چار ماہ سے زندہ تھا، گو کہ میں اب بھی زندہ ہوں لیکن کچھ حقائق آپ سے سانسیں چھین لیتے ہیں۔
عامر نے لکھا کہ چار ماہ کی شادی کے دوران میرا تین مرتبہ بہاولپور آنا جانا ہوا اور جب دانیا بارے حقائق میرے سامنے آئے تو اس نے جھوٹے الزامات لگا کر تنسیخ نکاح کا دعویٰ دائر کر دیا۔ دوسری جانب دانیا کی والدہ کی کسی شخص کے ساتھ ٹیلی فونک گفتگو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہے جس میں وہ بتا رہی ہیں کہ عامر لیاقت کچھ کرنے کے قابل نہیں اور ساری رات انکی بیٹی پر ظلم کرتا تھا۔
خلع کے لئے دائر کردہ اپنی درخواست میں دانیہ شاہ نے موقف اپنایا ہے کہ عدالت عامر لیاقت سے تنسیخ نکاح کی ڈگری جاری کرے، حق مہر کی مد میں 11 کروڑ روپے، ایک گھر اور زیورات دینے کا حکم دے، جبکہ ایک لاکھ روپے ماہانہ خرچہ بطور نان نفقہ مقرر کرے۔ واضح رہے کہ عامر لیاقت نے لودھراں سے تعلق رکھنے والی 18 سالہ سیدہ دانیہ شاہ سے رواں سال تیسری شادی کی، جس کا اعلان ایک انسٹاگرام پوسٹ کے ذریعے کیا تھا۔ انہوں نے بتایا تھا کہ دانیہ کا تعلق ایک شریف گھرانے سے ہے اور وہ سرائیکی ہیں۔ انہوں نے یہ شادی اسی روز کی تھی جب انکی دوسری اہلیہ کا خلع کا دعوی عدالت نے فائنل کیا تھا۔

Back to top button