سندھ، پختونخوا ،بلتستان کے گورنرزکا مستعفیٰ ہونے کا فیصلہ
تحریک انصاف کے گورنر سندھ عمران اسماعیل ،گورنر خیبر پختونخوا شاہ فرمان اور گورنر گلگت بلتستان نے مستعفی ہونے کا فیصلہ کر لیا ہے، جبکہ گورنر پنجاب عمرسرفراز چیمہ کے بھی مستعفی ہونے کا امکان ظاہر کیا جا رہاہے ۔
ذرائع کے مطابق گورنر سندھ اس وقت اسلام آباد میں موجود ہیں جہاں وہ پی ٹی آئی کے اجلاس میں شریک ہوئے تھے، گورنر سندھ کراچی واپسی پر اپنا استعفیٰ بھجوائیں گے، گورنر سندھ کے اہل خانہ فی الحال گورنر ہاؤس میں ہی مقیم ہیں۔
ادھر خیبرپختونخوا کےگورنر شاہ فرمان نے بھی مستعفی ہونے کا اعلان کیا ہے۔ذرائع کے مطابق گورنر خیبرپختونخواہ شاہ فرمان کا کہنا ہے کہ شہباز شریف کے وزیراعظم بنتے ہی گورنر کا عہدہ چھوڑدوں گا، شہباز شریف کو وزیراعظم کا پروٹوکول نہیں دے سکتا۔
دوسری جانب گورنر گلگت بلتستان راجہ جلال حسین مقپون نے بھی استعفیٰ دینے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ ذرائع کے مطابق نئے وزیر اعظم کے انتخاب کے فوراً بعد گورنر گلگت بلتستان مستعفی ہونگے۔
دوسری طرف گزشتہ ہفتے ہی گورنر پنجاب مقرر کیے جانے والے عمر سرفراز چیمہ کا اپنے عہدے سے مستعفی ہونے کا امکان ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ عمر سرفراز چیمہ نئے وزیرِ اعظم کے حلف اُٹھاتے ہی گورنر پنجاب کے عہدے سے مستعفی ہو جائیں گے۔
یاد رہے کہ قومی اسمبلی میں وزیراعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد کامیاب ہوگئی جس کے بعد وہ ملک کے وزیراعظم نہیں رہے اور ساتھ ہی عدم اعتماد کے ذریعے ہٹائے جانے والے ملک کے پہلے وزیراعظم بن گئے۔
ادھر قومی اسمبلی میں نئے قائد ایوان کے عہدے کیلئے متحدہ اپوزیشن کی جنانب سے شہباز شریف اور تحریک انصاف کی جانب سے شاہ محمود قریشی کے کاغذات نامزدگی جمع کرائے گئے، جہنہیں پی پی ٹی کے اعتراضات ختم کرکے منظور کر لیا گیا ہے۔
اپوزیشن اور تحریک انصاف کے امیدواروں کے کاغذات نامزدگی منظور ہونے کے بعد اب کل (بیروز پیر ) قائد ایوان کا چنآو کیا جائے گا۔