عمران خان کے ناپاک بیان پر گلی گلی احتجاج کریں گے

شریک چیئرمین پیپلزپارٹی آصف زرداری نے چیئرمین پی ٹی آئی کے بیان کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اس ناپاک بیان کے خلاف گلی گلی احتجاج کریں گے۔
آصف زرداری نے کہا کہ کوئی بھی پاکستانی اس ملک کے ٹکرے کرنے کی بات نہیں کرسکتا، یہ زبان ایک پاکستانی کی نہیں بلکہ مودی کی ہوسکتی ہے۔
شریک چیئرمین پیپلزپارٹی نے سابق وزیر اعظم کو مشورہ دیا کہ دنیا میں اقتدار ہی سب کچھ نہیں ہوتا ، بہادر بنو اور اپنے پاؤں پر کھڑے ہوکر سیاست کرنا اب سیکھ لو، اس ملک کے تین ٹکرے کرنے کی خواہش ہمارے اور ہماری نسلوں کے جیتے جی پوری نہیں ہوسکتی۔
سابق صدر پاکستان آصف علی زرداری نے پارٹی کارکنان کو ہدایت کی کہ عمران خان کے ناپاک بیان پر گلی گلی احتجاج کریں، دوسری جانب وفاقی وزیر سید خورشید احمد شاہ نے عمران خان کے انٹرویو پر شدید ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ تین ٹکڑے پاکستان کے نہیں، عمران کی سیاست کے ہوں گے۔
خورشید شاہ نے کہنا ہے کہ ہمیشہ کہتا آیا ہوں کےعمران کو پاکستان کے خلاف خوفناک ایجنڈے کے تحت باقاعدہ تیار کیا گیاآج حکیم سعید، ڈاکٹر اسرار کی برسوں پرانی باتیں سچ ثابت ہو گئیں ہیں۔انشاءاللہ عمران اور اس کے پیچھے چھپا ایجنڈا دونوں ناکام ہوں گے۔
وفاقی وزیر کا کہنا ہے کہ میری بات لکھ لیں عوام تو اس جھوٹے، جعلساز کو مسترد کر ہی چکے،اب عمران کے قریبی ساتھی بھی اسے چھوڑنا شروع کر دیں گے،عمران سے اب بھی کہتا ہوں،ہوش کے ناخن لو، باز آ جاؤ،محض اپنے اقتدار کی خاطر ملک دشمنی پر نہ اترو، غیر ذمہ دارانہ بیانات بتا رہے ہیں کے ہارے ہوئے جواری کے ہاتھ اب کچھ نہیں آنے والا۔
