ٹی وی میزبان ندا یاسر دوبارہ تنقید کی زد میں کیوں؟

اپنے مارننگ شو کے دوران مہمانوں کے ساتھ چٹکلوں سے ہنسی بکھیرنے والی اداکارہ اور میزبان ندا یاسر ایک مرتبہ پھر سوشل میڈیا پر تنقید کی زد میں ہیں جس کی وجہ ان کا اپنے ایک مرد مداح کے ساتھ تصویر بنانے سے انکار تھا۔ سوشل میڈیا پر ندا یاسر کی ایک ویڈیو وائرل ہو رہی ہے جس میں انہیں ایک مرد مداح کو ساتھ تصاویر بنوانے سے معذرت کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
وائرل ویڈیو میں ندا یاسر کو کسی شاپنگ مال میں دیکھا جا سکتا ہے، جہاں ان کے آنے پر مرد مداح جمع ہو جاتے ہیں، ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک مرد مداح قریب آ کر ان کے ساتھ تصویر بنوانے کی فرمائش کرتا ہے مگر اداکارہ اس سے معذرت کر لیتی ہیں، ویڈیو میں ندا یاسر کی جانب سے تصویر بنوانے کی معذرت کو واضح طور پر سنا جا سکتا ہے۔
ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ وہ مداح کو کہتی ہیں کہ وہ مرد حضرات کے ساتھ تصاویر نہیں بنواتیں۔ تاہم دلچسپ بات یہ ہے کہ اسی ویڈیو میں ندا یاسر کو کچھ دوسرے مداحوں کے ساتھ سیلفی بنواتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے، اداکارہ و میزبان کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد جہاں مداحوں نے ان کی تعریف کی کہ وہیں کچھ لوگوں نے انہیں تنقید کا نشانہ بھی بنایا۔
سوشل میڈیا پر ندا یاسر کے حامیوں نے کہا کہ ہر کسی کی اپنی پسند یا نا پسند ہے کہ وہ مرد حضرات کے ساتھ تصاویر بنوانا چاہے یا نہ چاہے اور ندا یاسر کی پسند کا احترام کیا جانا چاہئے۔ تاہم بعض لوگوں نے اداکارہ کو تنقید کا نشانہ بنایا اور لکھا کہ اگر ندا یاسر کے ساتھ تصاویر بنوانے کے لیے انہیں پیسے بھی دیئے جائیں تو بھی وہ ان کے ساتھ تصاویر نہیں بنوائیں گے۔ بعض افراد نے ندا یاسر کو صنفی تفریق کا نشانہ بھی بنایا اور لکھا کہ وہ مرد حضرات کے سامنے اپنے کے جلوے بکھیر سکتی ہیں مگر ان کے ساتھ تصاویر نہیں بنوا سکتیں۔ لیکن کئی صارفین نے یہ بھی لکھا کہ ندا یاسر ایک شادی شدہ خاتون ہیں اور اگر وہ کسی غیر مرد کے ساتھ اپنی تصویر نہیں بنوانا چاہتی تو ان کی رائے کا احترام کیا جانا چاہیے۔
